خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) اٹارنی جنرل آف پاکستان ملک منصور عثمان اعوان نے کانفرنس ہال
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) اٹارنی جنرل آف پاکستان ملک منصور عثمان اعوان نے کانفرنس ہال جوہرآباد میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں حکومتِ پنجاب کی جانب سے 14 ارب روپے کی گرانٹ کے اجراء پر تفصیلی غور کیا گیا، جو میونسپل کمیٹیز جوہرآباد اور خوشاب میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے فراہم کی گئی ہے۔ اس گرانٹ کے تحت شہری انفراسٹریکچر کی بہتری، سیوریج، سڑکوں، صفائی، اور دیگر عوامی فلاحی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے ضلع خوشاب میں جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام منصوبے شفافیت، معیار اور مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں گے۔
اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی ملک محمد آصف بھاء اور ملک امیر حیدر سنگھا (کوآرڈینیٹر پی پی 81 نے خصوصی شرکت کی اور ترقیاتی عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔اٹارنی جنرل آف پاکستان نے ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر مانیٹرنگ، بین الادارہ جاتی تعاون اور عوامی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دینے کی ہدایت کی۔یہ اجلاس حکومتِ پنجاب کے عوام دوست ترقیاتی ویژن کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور خوشحال پنجاب کی تشکیل ہے۔