اسلام آباد میں گیس سلنڈر دھماکے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہوں۔ امجد علی خان نیازی
اسلام آباد میں گیس سلنڈر دھماکے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہوں۔ امجد علی خان نیازی
ایسے حادثات متعلقہ اداروں کی غفلت اور حفاظتی انتظامات میں خامیوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(نمائندہ نازش جبین)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق پیٹرن اِن چیف پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے پولیٹیکل کوآرڈینیٹر امجد علی خان نیازی نے اسلام آباد کے سیکٹر جی۔سیون میں شادی کی تقریب کے دوران پیش آنے والے گیس سلنڈر دھماکے کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔امجد علی خان نیازی نے اس المناک حادثے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی دلخراش سانحہ ہے جس نے خوشیوں بھرے لمحات کو غم میں بدل دیا اور پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا۔انہوں نے کہا کہ گیس سلنڈر دھماکوں کے مسلسل واقعات نہایت تشویشناک ہیں، جن کے باعث معصوم شہریوں کو جان و مال کے سنگین نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایسے حادثات متعلقہ اداروں کی غفلت اور حفاظتی انتظامات میں خامیوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔امجد علی خان نیازی نے زور دیا کہ گیس سلنڈرز کے غیر محفوظ اور غیر قانونی استعمال کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، حفاظتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور عوام میں آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔