سئنیر ہیڈماسٹر ڈاکٹر ملک منیر حسین کلو کی ریٹائرمنٹ: علم، وقار اور خدمت کا درخشاں باب خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف
سئنیر ہیڈماسٹر ڈاکٹر ملک منیر حسین کلو کی ریٹائرمنٹ: علم، وقار اور خدمت کا درخشاں باب
خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف
تعلیم کسی بھی قوم کی فکری، اخلاقی اور سماجی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے، اور اس بنیاد کو مضبوط بنانے میں اساتذہ کرام کا کردار مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ ایسے ہی باوقار، باکردار اور مخلص معلم سئنیر ہیڈماسٹر گورنمنٹ ہائ سکول جوڑاکلاں ڈاکٹر ملک منیر حسین کلو ہیں، جن کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ادارے کے جملہ سٹاف کی طرف سے منعقدہ پروقار تقریب نہ صرف ان کی طویل تعلیمی خدمات کا اعتراف تھی بلکہ یہ تقریب علم و ادب سے وابستہ شخصیات کے لیے ایک یادگار مثال بھی ثابت ہوئی۔ اس شاندار تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمٹری سکولز خوشاب فیض الحسن ملک اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تحصیل نورپورتھل ظہیر عباس بھٹی نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی جبکہ ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول پلوآں ملک حاجی اختر حسین کلو اور ایکس اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر عامر خان بلوچ بھی زینت محفل تھے ۔
ڈاکٹر ملک منیر حسین کلو نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کو درس و تدریس، نظم و ضبط اور طلبہ کی ہمہ جہت تربیت کے لیے وقف رکھا۔ انہوں نے محض ایک استاد یا منتظم کی حیثیت سے ہی نہیں بلکہ ایک مخلص رہنما، شفیق مربی اور مثالی کردار کے طور پر اپنی پہچان بنائی۔ ان کی قیادت میں تعلیمی ادارہ نہ صرف علمی میدان میں نمایاں رہا بلکہ اخلاقی اقدار، نظم و ضبط اور مثبت ماحول کے حوالے سے بھی ایک مثال بن گیا۔
ڈاکٹر منیر حسین کلو کی الوداعی تقریب دراصل ایک ایسے سفر کا اختتام ہے جو خلوص، محنت، دیانت اور خدمتِ خلق سے بھرپور رہا۔ آپ نے اپنے علم، تجربے اور حسنِ اخلاق سے نہ صرف ادارے کو فائدہ پہنچایا بلکہ ہر دل میں اپنی عزت اور مقام بنایا۔
آپ کی پیشہ ورانہ زندگی ہمارے لیے ایک روشن مثال ہے۔ آپ کی رہنمائی، مشاورت اور دوستانہ رویہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ آج آپ ہم سے بظاہر جدا ہو رہے ہیں، لیکن آپ کی دی ہوئی قدریں، نصیحتیں اور یادیں ہمیشہ ہمارے ساتھ رہیں گی۔
ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو آنے والی زندگی میں صحت، سکون اور کامیابیاں عطا فرمائے۔ محکمہ تعلیم ضلع خوشاب کے سرمایہ ء افتخار محترم المقام جناب ڈاکٹر ملک منیر حسین کلو نے 36 سال 8 ماہ اور 9 دن مجموعی طور پر نہایت خوش اسلوبی سے سرکاری ملازمت کی۔ موصوف نے بطور انچارج ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر آیلیمنٹری سکولز بھکر اور بطور ڈپٹی ڈی او محکمہ تعلیم کے لیے گرانقدر خدمات سر انجام دیں۔ ڈاکٹر ملک منیر حسین کلو کا آبائ تعلق نورپور تھل سے ہے آپ استاد الاساتذہ ملک حاجی منیر حسین کلو مرحوم کے صاحبزادے اور ہردلعزیز تعلیمی شخصیت ملک حاجی اختر حسین کلو کے بڑے بھائی ہیں ۔
ریٹائرمنٹ کی اس پروقار تقریب میں اساتذہ کرام ، تعلیمی افسران، سابق طلباء اور معزز شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی ای او فیض الحسن ملک اور ڈپٹی ڈی ای او ظہیر عباس بھٹی و دیگر مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر ملک منیر حسین کلو کی تعلیمی خدمات، انتظامی بصیرت اور طلبہ کے لیے خلوص و محبت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر کہا گیا کہ ایسے اساتذہ کرام اداروں کا اثاثہ اور قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں، جو آنے والی نسلوں کی فکری و اخلاقی تربیت میں خاموش مگر مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب کے دوران ڈاکٹر ملک منیر حسین کلو کے اعزاز میں پیش کیے گئے کلماتِ تشکر اور یادگاری شیلڈز اس امر کا واضح ثبوت تھے کہ انہوں نے اپنی زندگی کا ایک قیمتی حصہ تعلیم کے فروغ کے لیے خلوصِ نیت سے صرف کیا۔ خود ڈاکٹر صاحب نے بھی اپنے خطاب میں اساتذہ کرام، ساتھیوں اور طلبہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ علم سے وابستگی ریٹائرمنٹ کے بعد بھی برقرار رہے گی، کیونکہ ایک استاد کبھی ریٹائر نہیں ہوتا۔
بلاشبہ، ڈاکٹر ملک منیر حسین کلو کی ریٹائرمنٹ ایک سرکاری ملازمت کے اختتام کا نام نہیں بلکہ یہ ایک روشن تعلیمی دور کا اختتام اور ایک باوقار روایت کی تکمیل ہے۔ ان کی خدمات آنے والے اساتذہ کرام کے لیے مشعلِ راہ اور طلبہ کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال رہیں گی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں صحت، سکون اور عزت کے ساتھ طویل زندگی عطا فرمائے اور ان کی علمی خدمات کو قبول فرمائے۔ آمین۔