بھارتی فوج نے اپنی فضائی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہوئے اسرائیلی کمپنی اسرائیل ایرو اسپیس
بھارتی فوج نے اپنی فضائی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہوئے اسرائیلی کمپنی اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز (IAI) کے تیار کردہ جدید SkyCapture C3 اینٹی ڈرون اور ایئر ڈیفنس سسٹم کو شامل کر لیا ہے۔ یہ نظام خاص طور پر نہایت قلیل فاصلے کے فضائی دفاع اور ڈرون حملوں سے نمٹنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کے ایئر ڈیفنس نیٹ ورک میں شامل اس نظام میں ELM-2106 ATAR تھری ڈی ریڈار نصب ہے، جو کم ریڈار سگنیچر رکھنے والے اہداف، خصوصاً ڈرونز، کو 40 سے 60 کلومیٹر کے فاصلے تک شناخت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ نظام دن اور رات ہمہ وقت 360 ڈگری نگرانی فراہم کرتا ہے۔
SkyCapture C3 کو بوفورس L-70 اور ZSU-23/2 اینٹی ایئرکرافٹ گنز سمیت جدید 30 ملی میٹر ریموٹ کنٹرول ویپن سسٹمز کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے، جبکہ اس میں قلیل فاصلے کے میزائل یا لیزر سسٹمز شامل کرنے کی گنجائش بھی موجود ہے۔ خودکار TEWA الگورتھمز کے ذریعے خطرات کا فوری تجزیہ اور درست نشانہ بندی ممکن بنائی گئی ہے۔
دفاعی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس ماڈیولر نظام کو سرحدی علاقوں، اہم فوجی تنصیبات اور حساس مقامات کے تحفظ کے لیے تعینات کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ڈرون سوارمز اور کم بلندی پر پرواز کرنے والے اہداف کا بروقت سراغ لگا کر انہیں ناکام بنانا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت اور اسرائیل کے درمیان اس دفاعی نظام سے متعلق تقریباً 550 ملین ڈالر کا معاہدہ طے پایا تھا، جس کے بعد اب اس نظام کو عملی طور پر بھارتی فوج میں شامل کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت خطے میں فضائی دفاعی توازن پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے۔