یہ 24 جنوری 2011ء کی بات ہے۔ سکھر پولیس ایک خفیہ اطلاع پر ہائی وے پر ناکہ لگا کر گاڑیوں کی
یہ 24 جنوری 2011ء کی بات ہے۔ سکھر پولیس ایک خفیہ اطلاع پر ہائی وے پر ناکہ لگا کر گاڑیوں کی چیکنگ کر رہی ہے کہ اچانک ایک ٹرک آتا ہوا نظر آتا ہے، رکنے کا اشارہ کیا، ٹرک نہیں رکا بلکہ اور زیادہ رفتار سے بھاگ نکلتا ہے، پولیس مشکوک جان کر پیچھا کرتی ہے اور اسے پکڑ لیتی ہے۔ ٹرک کی فرنٹ سیٹ پر دو افراد سوار ہیں، ڈرائیور اپنا نام غازی خان دوسرا مَرزک خان بتاتا ہے۔ بتاتے ہیں کہ ہم دونوں ٹرک کے ڈرائیور ہیں اور کِنو(اورنج) لیکر کراچی جا رہے ہیں۔
ٹرک کی تلاشی کے دوران پولیس کو ڈرائیور کیبن میں کئی خفیہ خانے ملتے ہیں جن میں چرس کے تیس پیکٹوں میں کل تیس کلو چرس نکلتی ہے۔ اس کے علاوہ بھاری اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوتا ہے۔ پولیس دونوں کو گرفتار کرکے ان پر دو مقدمے درج کرتی ہے، ایک کِنو کی آڑ میں منشیات کی ترسیل کا دوسرا بھاری اسلحہ اور بارودی مواد اسمگل کرنے کا جس میں دہشتگردی کی دفعات بھی لگتی ہیں۔
مقامی عدالت میں مقدمہ چلتا ہے، ملزمان جرم کا انکار کرتے ہیں کہ ہم تو محض ڈرائیور ہیں ہمیں ان اشیاء کا علم نہیں تھا، اکتوبر 2012ء میں عدالت ملزمان کو دفعہ نائن سی کے تحت مجرم قرار دیتی ہے اور دونوں کو عمر قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سناتی ہے۔ ملزمان سندھ ہائیکورٹ میں اپیل کرتے ہیں، دسمبر 2018ء میں ہائیکورٹ دونوں کی سزا کو برقرار رکھتے ہوئی اپیل خارج کردیتی ہے۔ ملزمان سپریم کورٹ میں اپیل کرتے ہیں، جسکی سماعت گذشتہ اپریل میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ کرتا ہے۔
سپریم کورٹ میں ملزمان نے اپنی بیگناہی کے دعویٰ کے علاوہ اعتراض اٹھایا کہ مقدمہ کے تمام گواہ پولیس ملازمین میں ہیں، منشیات برآمدگی کا کوئی راہ گیر وغیرہ پرائیویٹ گواہ نہیں ہے، لہذا یہ مقدمہ من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی ہے۔
جسٹس محمد اشتیاق ابراہیم فیصلہ تحریر کیا۔ عدالت نے گواہوں کے اعتراض کا جواب یہ دیا کہ سپریم کورٹ “نذیراحمد کیس” میں یہ اصول طے چکی ہے کہ پولیس کی گواہی کو اس وقت تک رَد نہیں کی جاسکتا جب تک انکی بدنیتی یا ملزمان سے ذاتی دشمنی ثابت نہ ہو جائے۔ اس کیس میں ملزمان کے پی سے اور گواہ سندھ سے ہیں، لہذا انکے درمیان کوئی پرانی دشمنی نہیں، انکی گواہی معتبر ہے۔
اسکے بعد عدالت دونوں ملزمان کے رَول کو الگ کرتی ہے۔ عدالت غازی خان کو ٹرک کا ڈرائیور ہونے کی وجہ سے ‘کَنسٹرکٹو پُوزَیشن’ (قبضہ حکمی) کی بنیاد پر منشیات کا ذمہ دار قرار دیتی ہے، اس اصول کی بنیاد پر یہ فرض کیا جاتا ہے کہ ڈرائیور کو گاڑی کی تمام اشیاء کے بارے میں علم اور کنٹرول ہوتا ہے، چاہے ان چیزوں پر اسکا قبضہ حقیقی نہ ہو۔ عدالت نے ” کاشف امیر بنام سرکار کیس” اور ایک امریکی کیس “ریاست بنام ویلس” کا بھی حوالہ دیا کہ ڈرائیور گاڑی کا انچارج ہے، اس میں موجود تمام اشیاء اسکے قبضہ میں شمار کی جائیں گی۔ موجودہ کیس میں غازی خان ٹرک کا ڈرائیور تھا، گاڑی اسی کے کنٹرول میں تھی اور اشارے پر رکنے کے بجائے اسکا بھاگنا، یہ ثابت کرتا ہے کہ اسے ٹرک میں منشیات اور اسلحے و دیگر مواد کا علم تھا۔ عدالت نے غازی کی اپیل خارج کردی اورعمر قید کی سزا برقرار رکھی۔
مَرزک خان بارے عدالت کہتی ہے کہ چونکہ وہ مسافر سیٹ پر بیٹھا تھا، اس حوالے سے سپریم کورٹ “شہزاد بنام سرکار” کیس میں یہ اصول واضح کرچکی ہے کہ مسافروں کو منشیات کی ذمہ داری تب تک نہیں لگائی جا سکتی جب تک ان کا علم یا جرم میں شمولیت ثابت نہ ہو۔ اگر منشیات خفیہ جگہ پر ہو اور مسافر کی نظر میں نہ ہو، تو وہ ذمہ دار نہیں۔ پولیس مرزک خان کا مواد سے کوئی براہ راست لنک ثابت نہیں کرسکی۔ سپریم کورٹ نے مرزک کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا، یوں مرزک گذشتہ سال، 15 سال جیل میں گزار کر باہر آنے کے قابل ہوا۔
قانونی آگہی تو ہوگئی، سوشل آگہی اس کیس سے یہ ملتی ہے کہ ‘لِفٹ’ کا جہاں دینا نقصان دہ ہوسکتا ہے وہیں اِسے ہر گاڑی والے سے لینا آپکو پندرہ سال جیل میں رکھ سکتا ہے۔
محمد رضوان ایڈووکیٹ ہائیکورٹ ، لاہور۔
نوٹ: گاڑی میں لفٹ لیتے اور دیتے وقت احتیاط کریں۔