اوئے بولو : اب چپ کیوں ہو ؟؟ انڈر ٹرائل کیسز میں ملزمان کا تفتیش کے لیے صحافیوں کے حوالے کیا جانا اور صحافیوں کا تفتیشی بننا ۔۔۔ قانون اور اخلاقیات
اوئے بولو : اب چپ کیوں ہو ؟؟ انڈر ٹرائل کیسز میں ملزمان کا تفتیش کے لیے صحافیوں کے حوالے کیا جانا اور صحافیوں کا تفتیشی بننا ۔۔۔ قانون اور اخلاقیات کیا کہتی ہیں ؟ جب ایک ملزم لڑکی زیرحراست ہو تو بااثر میڈیا گروپس کی فرمائش پر ملزم خواتین یا مردوں کو صحافیوں کے روبرو پیش کیا جاتا ہے ، جس میں صحافی صاحبان زیادہ سے زیادہ ریٹنگ لانے کے لیے اور پروگرام کو سنسنی خیز بنانے کے لیے باقاعدہ طور پر تفتیشی بن جاتے ہیں ، اس وقت ان صحافیوں کو یہ اصول بھول جاتا ہے کہ نفرت جرم سے ہونی چاہیے انسان سے نہیں ۔۔۔ یہ صحافی اس وقت ایک تھانیدار کا روپ دھار لیتے ہیں : ہاں بھئی ، کی نام اے تیرا ۔۔۔۔ ہاں اوئے ، دس اپنا کچا چٹھا ۔۔۔ اوئے بول ہن ۔۔۔۔۔۔۔ جس لڑکی کی تصویریں اس پوسٹ میں دی گئی ہیں اس کا تعلق لاہور سے ہے ، اس پر اپنے بھائی کے ساتھ ملکر شوہر کو ق۔ت۔ل کرنے کا الزام ہے ، وجہ گھریلو جھگڑے ، لڑکی تفتیشی صحافی کے سامنے بار بار کہہ رہی ہے کہ اس نے اپنے شوہر کو نہیں مروایا ، مگر تفتیشی صحافی بار بار کہتا ہے ، باقی چھوڑو یہ بتاؤ ، شوہر کو ق۔ت۔ل کروا کے خوش ہو ، تمہیں ذرا شرم نہیں آرہی ۔۔۔۔ لڑکی رونے لگتی ہے اور پھر کہتی ہے میں نے یہ کام نہیں کیا ۔۔۔ سب سے افسوسناک بات کہ ملزم اگر بہن بھائی ہوں تو ٹی وی رپورٹ کو تڑکا لگانے کے لیے ایسی شرمناک سٹوری گھڑ لی جاتی ہے کہ روح بھی کانپ اٹھے ۔۔۔۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جب تک کیس عدالت میں زیر سماعت ہو ایک نوجوان لڑکی کو اس طرح صحافیوں کے سامنے کھڑا کرکے اس سے بار بار اعتراف کروانے کی کوشش کرنا کیا قانونی معاملات اور عدالت کے دائرہ کار پر اثر ڈالنے کی ایک کوشش نہیں ؟ انتہائی دکھ کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ایک ملزم کو مجرم تب کہا جانا چاہیے جب اسے عدالت سزا سنا دے ، مدعی کے الزامات یا پولیس کی تفتیشی رپورٹ سے ایک ملزم مجرم نہیں بن جاتا ۔۔۔۔لیکن کچھ بااثر صحافی حضرات ملزم یا ملزمہ کی گرفتاری کے اگلے روز تھانے کی حوالات میں گھس جاتے ہیں اور اپنی طرف سے ملزم یا ملزمہ سےا عتراف جرم کروانے میں ایڑی چوٹی کا زور لگا دیتے ہیں ۔۔۔ صرف اور صرف پولیس ایف آئی آر کی بنا ء پر اور ان الزامات کی بنا پر جو مدعی کی جانب سے ملزمان پر عائد کیے جاتے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔ ظلم کی کئی اقسام ہوتی ہیں اور ملزمان حتیٰ کہ مجرمان کے بھی بے شمار حقوق ہوتے ہیں ۔۔یہ ہمارے اپنے اسلامی اور جمہوری معاشرے کی کہانی ہے جبکہ کافروں اورغیر مسلموں کی ملکوں میں اور پوری دنیا میں دیکھے جانیوالے ٹی وی چینلز پر کبھی تھانے کی حوالات میں بند ملزمان کے میڈیا ٹرائلز کا کوئی رواج نہیں ہے ۔۔۔۔آئیے ہم سب ملکر اس شرمناک رواج کی حوصلہ شکنی کریں ، اداروں کو بھی چاہیے کہ میڈیا گروپس کے اثر و رسوخ کے سامنے سرنڈر نہ کریں خاص طور پر اس وقت جب کسی غریب گھر کا بیٹا ، یا حادثاتی طور پر مجرم بننے والی کوئی خاتون انکے رحم وکرم پر ہو ۔۔۔۔۔۔۔ اللہ کریم پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی جمہوریہ پاکستان بنائے آمین