October 28, 2026

جشنِ مولودِ کعبہ عمرکوٹ میں ولادتِ مولائے کائناتؑ کے موقع پر شاندار ریلی، کیک کاٹا گیا، دعائیں

IMG-20260106-WA0169

جشنِ مولودِ کعبہ عمرکوٹ میں ولادتِ مولائے کائناتؑ کے موقع پر شاندار ریلی، کیک کاٹا گیا، دعائیں

عمرکوٹ (رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف) جشنِ مولودِ کعبہ بسلسلہ ولادتِ مولائے کائنات امیرالمؤمنین حضرت علی ابنِ ابی طالبؑ کے پُرمسرت موقع پر عزادارنہ اور نوجوان خاصخیلی اتحاد کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان ریلی خاصخیلی چوک سے برآمد ہوئی۔ریلی کی قیادت عزادارنہ حسین اور نوجوان خاصخیلی اتحاد کے رہنماؤں امیر بخش رحیمدانی، اسد علی بھرگڑی، عالمگیر خاصخیلی، سردار سیف اللہ خاصخیلی، عادل حسین رحیمدانی، افروز علی خاصخیلی، احسان علی خاصخیلی، سالار حیدر سموں، مہدی کھوسو، سجاد علی خاصخیلی، شبیر علی بھرگڑی، و دیگر نے کی، جبکہ بڑی تعداد میں عزادارانِ حسینؑ اور شہریوں نے شرکت کی۔ ریلی کے دوران فضا نعرۂ تکبیر اللہ اکبر، نعرۂ رسالت یارسول اللہ اور نعرۂ حیدری یاعلیؑ سے گونجتی رہی۔ ریلی ادھیپوری چوک پہنچی جہاں نوجوانوں نے ولادتِ باسعادت کی خوشی میں بھنگڑے ڈالے، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور والہانہ عقیدت کا اظہار کیا۔ بعد ازاں ریلی عائشہ مارکیٹ پہنچی جہاں شہریوں نے پھولوں کی پتیوں سے شاندار استقبال کیا۔ ریلی مالھی ہاؤس، موتی چوک، پریس کلب اور اللہ والے چوک سے ہوتی ہوئی واپس خاصخیلی چوک پہنچی، جہاں ولادتِ مولائے کائناتؑ کے موقع پر ایک بڑے کیک کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر رسول بخش رحیمدانی، محمد زمان کھوسو، سید عباس علی شاہ، غلام رسول سموں، آغا ذوالفقار و دیگر معززین نے کیک کاٹ کر خوشی کا اظہار کیا اور شرکاء میں کیک تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رسول بخش رحیمدانی نے کہا کہ ولادتِ مولائے کائناتؑ صرف ایک تاریخی دن نہیں بلکہ عدل، شجاعت، تقویٰ اور انسانیت کے عظیم درس کی یاد دہانی ہے۔ حضرت علیؑ نے اپنی پوری زندگی مظلوموں کی حمایت، حق کی سربلندی اور باطل کے خلاف جدوجہد میں گزاری۔ آج امتِ مسلمہ کو سب سے زیادہ جس چیز کی ضرورت ہے وہ سیرتِ علیؑ کو عملی زندگی میں اپنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیرالمؤمنینؑ کی ذات اتحادِ امت کی علامت ہے، آپؑ نے ہمیشہ بھائی چارے، رواداری اور انصاف کو فروغ دیا۔اگر ہم علیؑ کے اصولوں پر چلیں تو معاشرے سے نفرت، فرقہ واریت اور ناانصافی خود بخود ختم ہو سکتی ہے۔نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ حضرت علیؑ کے کردار کو مشعلِ راہ بنائیں اور ملک و قوم کی خدمت میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سالمیت، پاک افواج کی کامیابی، ملک کے استحکام، قومی اتحاد اور باہمی بھائی چارے کے فروغ کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیرتِ علیؑ کی روشنی میں امن، اخوت اور اتحاد کے پیغام کو عام کیا جائے گا۔