October 28, 2026

نامور صحافی فیصل احمد ستی ،بلا مقابلہ کیپیٹل جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری انفارمیشن منتخب خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

IMG-20260106-WA0149

نامور صحافی فیصل احمد ستی ،بلا مقابلہ کیپیٹل جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری انفارمیشن منتخب

خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

صحافت محض خبر رسانی کا نام نہیں بلکہ یہ سچ کی تلاش، عوامی شعور کی بیداری اور جمہوری اقدار کے تحفظ کا مقدس فریضہ ہے۔ اس فریضے کی ادائیگی کے لیے وہی افراد تاریخ میں اپنا مقام بناتے ہیں جو کردار، دیانت اور پیشہ ورانہ بصیرت کے ساتھ میدانِ عمل میں قدم رکھتے ہیں۔ ایسے ہی باوقار، متحرک اور باصلاحیت صحافیوں میں نامور صحافی فیصل احمد ستی کا نام نمایاں حیثیت رکھتا ہے، جن کا کیپیٹل جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری انفارمیشن کے عہدے پر بلا مقابلہ منتخب ہونا ان کی صحافتی خدمات، وقار اور صحافی برادری کے غیر متزلزل اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ اسلام آباد / راولپنڈی کی صحافت کے سرمایہء افتخارفیصل احمد ستی کا صحافتی سفر محنت، استقامت اور اصول پسندی سے عبارت ہے۔ انہوں نے خبر کو سنسنی کی بجائے سچ، تحقیق اور ذمہ داری کے تقاضوں کے مطابق پیش کرنے کو ہمیشہ اپنا شعار بنایا۔ ان کی تحریر اور رپورٹنگ میں توازن، فہم و فراست اور عوامی مسائل کی حقیقی ترجمانی نمایاں نظر آتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ نہ صرف قارئین کرام بلکہ صحافتی حلقوں میں بھی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔
کیپیٹل جرنلسٹس ایسوسی ایشن جیسے معتبر اور فعال پلیٹ فارم پر سیکرٹری انفارمیشن کا عہدہ غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ منصب نہ صرف تنظیمی سرگرمیوں کی بروقت اور مؤثر تشہیر کا تقاضا کرتا ہے بلکہ صحافی برادری کی آواز کو درست، باوقار اور ذمہ دارانہ انداز میں اجاگر کرنے کا بھی ذمہ دار ہوتا ہے۔ فیصل احمد ستی کا اس عہدے پر بلا مقابلہ انتخاب اس امر کی دلیل ہے کہ وہ اس ذمہ داری کو احسن انداز میں نبھانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
ان کی کامیابی دراصل صحافت میں اصولوں کی جیت ہے۔ انہوں نے ہمیشہ ذاتی مفاد کی بجائے اجتماعی بھلائی کو ترجیح دی، صحافیوں کے حقوق کی بات کی اور پیشہ ورانہ یکجہتی کو فروغ دیا۔ ان کا طرزِ عمل نوجوان صحافیوں کے لیے مشعلِ راہ ہے کہ محنت، اخلاق اور مستقل مزاجی ہی اصل کامیابی کی کنجی ہیں۔
فیصل احمد ستی کی بطور سیکرٹری انفارمیشن کامیابی سے یہ توقع بھی وابستہ ہے کہ کیپیٹل جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی سرگرمیاں مزید منظم، مؤثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں گی۔ اطلاعات کی بروقت فراہمی، مثبت تشخص کا فروغ اور صحافی برادری کے مسائل کو اعلیٰ فورمز تک پہنچانے میں وہ بھرپور کردار ادا کریں گے۔ واضح رہے کہ نامور صحافی جناب فیصل احمد ستی کی بطور چیف ایڈیٹر روزنامہ آواز خلق اسلام آباد اور بطور سی ای او آواز خلق نیوز گرانقدر خدمات ہیں ۔ موصوف انتہائی ہردلعزیز ،پروقار ،ملنسار، ہنس مکھ، بردبار اور معاملہ فہم شخصیت کے مالک ہیں ۔
آخر میں یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ فیصل احمد ستی کا بلا مقابلہ انتخاب نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ پوری صحافتی برادری کے لیے خوش آئند پیغام ہے۔ دعا ہے کہ وہ اسی جذبے، دیانت اور پیشہ ورانہ وقار کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے صحافت کے وقار اور صحافیوں کے اتحاد کو مزید مضبوط بنائیں اور اللہ تعالیٰ انہیں اور ان سے وابستہ ہررشتے کودائم شادوآبادرکھیں۔ آمین