نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ)نواب شاہ ائیرپورٹ پر پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے فل
نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ)نواب شاہ ائیرپورٹ پر پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے فل اسکیل ائیرپورٹ ایمرجنسی ایکسرسائز (AIREX-25) آج کامیابی سے منعقد کی گئی مشق کا مقصد کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مختلف اداروں کی تیاری، باہمی رابطے اور ردِعمل کا عملی جائزہ لینا تھا۔فل اسکیل ایمرجنسی ایکسرسائز میں کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن شہمیر خان بھٹو نے خصوصی طور پر شرکت کی اور مشق کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایئرپورٹ انتظامیہ، ریسکیو اداروں، ضلعی انتظامیہ، پولیس، صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی مشقیں ہنگامی حالات میں قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے نہایت ضروری ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھی ایسی مشقوں کا تسلسل برقرار رکھا جائے تاکہ تمام اداروں کے درمیان ہم آہنگی مزید بہتر ہو اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مؤثر اور فوری ردِعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے ائیرپورٹ مینیجر نواب شاہ محمد صفوان عزیز اور چیف فائر اینڈ ریسکیو آفیسر محمد سہیل نے بتایا کہ فرضی مشقیں ہر 2 سال بعد کرائی جاتی ہیں جس کا مقصد خدانخواستہ ائیرپورٹ پر ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ اداروں کی کارکردگی اور رسپانس کا جائزہ لینا ہے انہوں نے مزید کہا کہ آج کی گئی مشق تقریباً کامیاب رہی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس مشق میں فرضی حادثے کے منظرنامے کے تحت ائیرپورٹ ریسکیو اینڈ فائر فائٹنگ سروس، ایمبولینس، سول ایوی ایشن، ضلعی انتظامیہ، پولیس، صحت اور دیگر متعلقہ اداروں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔ائرپورٹ مینیجر نے مزید بتایا کہ ایسی ریہرسل اور فل اسکیل مشقوں کا مقصد تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مؤثر رابطے، ذمہ داریوں کی واضح تقسیم اور ہنگامی حالات میں بروقت کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشق کے دوران سامنے آنے والی خامیوں کی نشاندہی کر کے مستقبل میں مزید بہتری لائی جائے گی مشق کے دوران فرضی فضائی حادثے کی صورتحال پیدا کی گئی جس میں آگ بھجانے اور زخمیوں کو جہاز سے نکالنے اور ایمبولینس میں اسپتال روانہ کرنے کی مشق بھی کی گئی جس میں ائیرپورٹ ریسکیو، فائر فائٹنگ، ایمبولینس سروسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا ۔ مشق کے اختتام پر کمشنر شہمیر خان بھٹو اور دیگر نے مجموعی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا اور ریسکیو 1122 اور دیگر حصہ لینے والی گاڑیوں کا معائنہ کیا۔ فل اسکیل ائیرپورٹ ایمرجنسی ایکسرسائز AIREX-25 میں ڈائریکٹر انفارمیشن محمد موسیٰ گوندل، ائیرپورٹ کوآرڈینیٹر محمد عرفان راؤ، اسسٹنٹ کمشنر اقبال احمد تنیو،پیپلز میڈیکل اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر یار علی جمالی، انچارج ریسکیو عبدالمنان، ڈسٹرکٹ مینیجر ایس آئی ای ایچ ایس اقصیٰ جمالی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران، پاکستان ائیرپورٹ کی سیکورٹی فورس، محکمہ صحت کے افسران اور دیگر سرکاری و نجی اداروں نے شرکت کی۔