November 17, 2026

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) کراچی پریس کلب نے بنگلہ دیش میں بڑے میڈیا اداروں بالخصوص پرتھم الو

IMG-20251228-WA0125

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) کراچی پریس کلب نے بنگلہ دیش میں بڑے میڈیا اداروں بالخصوص پرتھم الو اور دی ڈیلی اسٹار کے دفاتر پر بڑھتے ہوئے پُرتشدد حملوں، توڑ پھوڑ اور آتش زنی کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، سینئر صحافی اور نیو ایج کے ایڈیٹر نورالکبیر کو ہراساں کیے جانے پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کراچی پریس کلب سے جاری بیان میں پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری سہیل افضل خان نے ان اطلاعات پر نہایت فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عبوری حکومت کے قیام کے بعد سے اب تک سو سے زائد صحافیوں کو بغیر کسی شفاف عدالتی عمل کے سنگین الزامات کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔ بغیر مقدمہ چلائے صحافیوں کی گرفتاری خوف کی فضا پیدا کرتی ہے اور عوام کی آواز کو دبانے کا باعث بنتی ہے۔ کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے مطالبہ کیا کہ زیرِ حراست تمام صحافیوں کو فوری اور بغیر کسی شرائط کے رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ایک آزاد، خودمختار اور باہمت صحافت ہر جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے۔ تشدد، قانونی دباؤ یا ہراسانی کے ذریعے میڈیا کو خاموش کرانے کی کوششیں بنیادی انسانی حقوق، آئینی حقِ آزادی اظہار اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ بنگلہ دیش میں اپنے صحافی ساتھیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر، کراچی پریس کلب متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتا کہ وہ میڈیا سے وابستہ افراد کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور ان حملوں کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کرائیں۔ کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ جمہوری اقدار کے مزید زوال کو روکنے کے لیے ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا ناگزیر ہے۔