آپ کو معلوم ہے کہ پورے پاکستان میں 2005ء سے “غیر قانونی بے دخلی ایکٹ” نامی قانون نافذ ہے۔ یہ
آپ کو معلوم ہے کہ پورے پاکستان میں 2005ء سے “غیر قانونی بے دخلی ایکٹ” نامی قانون نافذ ہے۔ یہ قانون پرویز مشرف حکومت نے خاص طور قبضہ مافیا اور کسی بھی شخص کو زبردستی، دھونس، دھمکی، جعلسازی یا غیر قانونی طریقے سے اس کی جائیداد کے قبضے سے محروم کرنے سے روکنے کیلئے بنایا تھا۔ اس قانون کے تحت غیر قانونی قابض کو قبضہ چھوڑنے کے حکم کے علاوہ 10 سال تک قید اور جرمانہ کی سزائیں دی جاتی ہیں۔
مقدمہ براہ راست سیشن کورٹ میں چلتا ہے۔ سب سے اہم یہ کہ کیس کا فیصلہ فقط 60 دن میں کیا جانا ضروری ہے۔
ابتداء میں اعلی عدلیہ کے بعض فیصلوں میں کہا گیا کہ اس قانون کے تحت صرف قبضہ مافیا کیخلاف کیس کیا جاسکتا ہے، لہذا سائل کو پہلے یہ ثابت کرنا ضروری ہے کہ ناجائز قابض، قبضہ مافیا ہے۔ البتہ گذشتہ سال سپریم کورٹ نے ‘نیاز احمد کیس’ میں قرار دیا کہ نہیں، اس قانون کے تحت کسی بھی ناجائز قابض کیخلاف کیس کیا جاسکتا ہے۔ جس کے بعد سے اب عدالتیں مزید موثر انداز میں اس قانون کے تحت شہریوں کو ان کی جائیدادوں کے قبضے واپس دلوا اور ناجائز قابضین کو سزائیں دےرہی ہیں۔
اب آپ بتائیں کہ ایسے قانون کی موجودگی میں کیا ایسے نئے قانون کی ضرورت تھی جس کے تحت ضلع کا ڈی سی اور ڈی پی او اپنی تمام تر انتظامی ذمہ داریاں چھوڑ کر محض پٹواری اور تحصیلدار کے بیانات پر لوگوں کی جائیدادوں اور ملکیت کا فیصلہ کرنے لگ جائیں۔
سوشل میڈیا پر اوور ایکٹنگ پر مبنی وڈیوز دیکھ کر آپ ایسے “سستے انصاف” کو ضرور سراہتے رہیں البتہ تصویر کا دوسرا مگر نہایت بھیانک رخ بھی دیکھیں کہ وہ سرکاری افسران (ڈی سی، ڈی پی او، اے سی، تحصیلدار اور پٹواری) جو سیاسی ودیگر بااثر شخصیات کے ایک فون پر ڈھیر اور ایک اشارہ ابرو پر تبادلہ کرا بیٹھیں،کیا وہ واقعی طاقتور قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی کرسکیں گے؟ ایک مظلوم شخص جو انکے پاس درخواست لیکر آئے جواب میں ظالم فریق فقظ ایک سیاسی فون کال سے اپنا قبضہ ہمیشہ کیلئے پکا نہیں کروالے گا؟ بہت سے مقدمات میں فریق مخالف خود ریونیو افسران ہوتے ہیں، کیا یہ افسران خود اپنے ہی خلاف فیصلہ کرسکیں گے؟
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے بالکل ٹھیک ریمارکس دیے کہ اس نئے نویلے قانون کے تحت تو آدھے گھنٹے میں جاتی امراء بھی خالی کروایا جاسکتا ہے۔ مشہور قانونی ضرب المثل ہے کہ “جلد بازی میں کیا گیا انصاف، انصاف کو دفن کرنے کے مترادف ہے”۔ شہریوں کی قیمتی جائیدادوں کے فیصلے یوں جلد بازی میں کرنا، انصاف کا قتل کرنا ہی ہوگا۔ ہائیکورٹ نے نیا قانون معطل کردیا ہے، قوی امکان ہے کہ یہ برقرار بھی نہیں رہ سکے گا۔
پنجاب حکومت کو بھی چاہیے کہ ‘خرم ! تم وہیں رکو، میں ابھی آئی۔۔۔’ جیسی وڈیوز کے ذریعے اپنی ایفیشنسی دکھانے کیلئے عوام کے جان و مال سے نہ کھیلے اور ‘جس کا کام اسی کا ساجھے’ کے تحت عدل و انصاف کا کام عدالتوں پر ہی چھوڑے رکھے۔
سید خرم علی گیلانی
ہائیکورٹ ایڈووکیٹ ہائی کورٹ