November 17, 2026

جعلی سیکیورٹی وین کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

IMG-20251223-WA0269

جعلی سیکیورٹی وین کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام
سکھر پولیس کی بڑی کارروائی، بین الصوبائی گروہ کے تین ملزمان گرفتار، بھاری مقدار میں گٹکا و تمباکو برآمد

سکھر(بیورورپورٹ۔سید نصیر حسین زیدی)سکھر پولیس نے ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے جعلی سیکیورٹی وین کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں چھالیہ گٹکا اور تمباکو برآمد کر کے بین الصوبائی منشیات سمگلر گروہ کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ آباد ذولفقار چاچڑ نے خفیہ اطلاع پر بس ٹرمنل کے قریب کامیاب کارروائی کی۔ پولیس نے مشکوک جعلی سیکیورٹی وین کو روکا اور تلاشی کے دوران وین سے بھاری مقدار میں Z-21 چھالیہ گٹکا کے پیکٹس اور بڑی مقدار میں تمباکو برآمد کیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں حمید خان اچکزئی، اللہ نذر اچکزئی اور عطا رحمان اچکزئی شامل ہیں، جن کا تعلق ضلع قلعہ عبداللہ (چمن) سے بتایا جاتا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان جعلی سیکیورٹی وین، جعلی نمبر پلیٹ اور سیکیورٹی اہلکاروں کی وردیاں استعمال کرتے ہوئے منشیات کو کوئٹہ سے حیدرآباد منتقل کر رہے تھے تاکہ کسی قسم کے شبے سے بچا جا سکے، تاہم سکھر پولیس نے بروقت کارروائی کر کے ان کے عزائم ناکام بنا دیے۔گرفتار ملزمان کے خلاف منشیات گٹکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔دریں اثنا ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے کامیاب کارروائی پر پولیس پارٹی کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ منشیات اور سماجی برائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کیا جائے گا اور کسی بھی صورت قانون شکنی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ترجمان سکھر پولیس کے مطابق سکھر پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے گی تاکہ شہریوں کو ایک محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔