سکھر روز نامہ کانیات(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سکھر شہر میں ٹریفک جام کا مسئلہ حل ہونے کے بجائے دن بدن سنگین صورت اختیار کرتا جا رہا ہے،
سکھر روز نامہ کانیات(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سکھر شہر میں ٹریفک جام کا مسئلہ حل ہونے کے بجائے دن بدن سنگین صورت اختیار کرتا جا رہا ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تعلیمی اداروں میں جانے والے طلبہ، اساتذہ اور سرکاری و نجی ملازمتوں پر جانے والے افراد ٹریفک جام میں پھنس کر ذہنی اذیت کا شکار ہیں، جبکہ بعض علاقوں میں پیدل چلنا بھی دشوار ہو چکا ہے۔
شہر کی مرکزی شاہراہوں، خصوصاً روہڑی سے پرانے سکھر اور دیگر علاقوں کو جانے والے راستوں پر ٹریفک کا دباؤ معمول سے کہیں زیادہ ہے۔ مینارہ روڈ، ایس آئی یو ٹی سے تھرمل پاور اسٹیشن تک سڑک کے دونوں اطراف قائم تجاوزات کے باعث سڑک انتہائی تنگ ہو چکی ہے،جس کے نتیجے میں آئے روز ٹریفک جام معمول بن چکا ہے۔ ڈولفن ٹاور کے قریب صبح سے شام تک ٹریفک کی طویل قطاریں لگنے سے مقامی رہائشیوں کے ساتھ ساتھ راہگیروں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ڈولفن ٹاور اور ملحقہ علاقوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک جام کے باعث روزمرہ کی خریداری اور دیگر ضروری امور سرانجام دینا مشکل ہو گیا ہے۔شہریوں کے مطابق سکھر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک پولیس ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے، جس کے نتیجے میں شہر کی بیشتر سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں۔ اس صورتحال سے نہ صرف مقامی شہری بلکہ دیگر شہروں سے خریداری اور کاروباری مقاصد کے لیے آنے والے افراد بھی سخت متاثر ہو رہے ہیں۔شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ٹریفک پولیس ٹریفک جام کے مسئلے کو حل کرنے کے بجائے مبینہ طور پر وصولیوں میں مصروف رہتی ہے، جس سے صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے۔ شہریوں نے ایس ایس پی سکھر سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک جام کے مستقل حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو اس اذیت سے نجات مل سکے۔اسی طرح شہریوں نے میئر سکھر اور ڈپٹی کمشنر سکھر سے بھی پرزور مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی سڑکوں پر قائم تجاوزات کے خاتمے کے لیے مستقل بنیادوں پر کارروائی کی جائے، تاکہ سکھر شہر کی اہم شاہراہیں اور راستے کشادہ ہو سکیں اور ٹریفک کی روانی بحال ہو۔