November 17, 2026

سکھر سے ھمارے بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی خبر دے رھے ھیں سکھر: لوک سہائتا میراتھن 2025 — امید کی دوڑ، عالمی شرکت اور شاندار کارکردگیاں

Screenshot_2025-12-21_135336

سکھر سے ھمارے بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی خبر دے رھے ھیں
سکھر: لوک سہائتا میراتھن 2025 — امید کی دوڑ، عالمی شرکت اور شاندار کارکردگیاں
سکھر میں تاریخی بین الاقوامی لوک سہائتا میراتھن 2025 (دی ہوپ رن) کا علی الصبح شاندار اور پُرامن آغاز ہوا۔ میراتھن آئی بی اے پبلک اسکول سکھر سے شروع ہوئی، جس میں مردوں کے لیے 42.195 کلومیٹر فل میراتھن جبکہ خواتین کے لیے 10 کلومیٹر رن رکھا گیا۔ ایونٹ میں 15 ممالک کے 28 سے زائد بین الاقوامی ایتھلیٹس سمیت ملک بھر سے 3 ہزار سے زائد مرد و خواتین رنرز نے شرکت کی۔
مردوں کی فل میراتھن میں مراکش کے ایتھلیٹ الیاسف عبدالمجید نے 2 گھنٹے 22 منٹ 35 سیکنڈ میں فاصلہ طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی، دوسری پوزیشن ایتھوپیا جبکہ تیسری پوزیشن کینیا کے ایتھلیٹ نے حاصل کی۔
خواتین کی 10 کلومیٹر میراتھن میں کینیا کی میونی متوکو نے پہلی، جاپان کی یوکو ایریگوچی نے دوسری جبکہ لاہور کی ماہ نور افضل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین کی کیٹیگری میں پہلی پوزیشن پر 2 لاکھ روپے، دوسری پر 1 لاکھ، تیسری پر 75 ہزار، چوتھی پر 50 ہزار اور پانچویں پر 25 ہزار روپے نقد انعام رکھا گیا، جبکہ مزید 20 رنرز کو 20،20 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
یہ عالمی معیار کی میراتھن World Athletics سے تسلیم شدہ اور AIMS سے سرٹیفائیڈ ہے، جس کا تھیم “Run Beyond Borders, Unite Together” اور “Run of Hope” رکھا گیا۔ میراتھن سندھ پولیس، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس، ٹریفک پولیس، ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ سکھر و خیرپور، سکھر میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل سکھر کے تعاون سے منعقد کی گئی۔
ایونٹ کے موقع پر ڈی آئی جی پیر محمد شاہ، کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی، میئر سکھر و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ، سیکرٹری یونیورسٹیز محمد عباس بلوچ، وائس چانسلر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی ڈاکٹر محمد یوسف خشک، ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد خان سمیت دیگر حکام موجود تھے۔ سخت سیکیورٹی اور منظم انتظامات کے باعث شہریوں اور کھیلوں کے شائقین میں زبردست جوش و جذبہ دیکھنے میں آیا۔
منتظمین کے مطابق لوک سہائتا میراتھن نہ صرف سکھر میں کھیلوں کے فروغ بلکہ بین الاقوامی ہم آہنگی، امن اور قومی یکجہتی کے لیے ایک اہم اور تاریخی سنگِ میل ثابت ہوئی۔