غزہ میں اسرائیل کی جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری، 24 گھنٹوں میں مزید 10 فلسطینی شہید۔
غزہ میں اسرائیل کی جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری، 24 گھنٹوں میں مزید 10 فلسطینی شہید۔
10 اکتوبر کے جنگ بندی معاہدے کے بعد سے 400 سے زائد فلسطینی شہید کیے جا چکے ہیں۔
فلسطین(انٹرنیشنل ڈیسک)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق غزہ میں جنگ بندی کی اسرائیلی خلاف ورزیاں جاری ہیں،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 10 فلسطینی شہید ہوگئے۔خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 4 فلسطینی اور غزہ شہر میں بے گھر فلسطینیوں کے تربیتی مرکز پر حملے میں 6 فلسطینی شہید ہوئے۔10 اکتوبر کے جنگ بندی معاہدے کے بعد سے 400 سے زائد فلسطینی شہید کیے جاچکے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق غزہ میں 16 ہزار سے زائد مریض بیرون ملک علاج کے منتظر ہیں۔امدادی تنظیم ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز کے مطابق یہ تعداد اصل میں تین سے چار گنا زیادہ ہوسکتی ہے۔عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق جولائی 2024 سے اب تک غزہ میں ہزار سے زائد مریض بروقت طبی انخلا نہ ہونے کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔سربراہ ڈبلیو ایچ اوٹیڈروس نے ایک بیان میں کہا کہ جنگ کے آغاز سے اب تک 10 ہزار 600 سے زائد شدید بیمار مریضوں کو غزہ سے نکالا گیا، جن میں 5 ہزار 600 سے زیادہ بچے شامل ہیں، لیکن ہزاروں مریض اب بھی علاج کے منتظر ہیں۔دوسری جانب ترک انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ ابراہیم قالن کی حماس وفد سے استنبول میں ملاقات ہوئی، حماس وفد کی سربراہی رہنما خلیل الحیہ کر رہے تھے۔ترک حکام کے مطابق ملاقات میں غزہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے تک جانے کے لیے ضروری اقدامات پر بات چیت ہوئی اور اسرائیلی فوج کی جنگ بندی خلاف ورزیاں روکنے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔