عمرکوٹ ( رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف) کمشنر میرپورخاص ڈویژن فیصل احمد عقیلی نے پولیو
عمرکوٹ ( رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف) کمشنر میرپورخاص ڈویژن فیصل احمد عقیلی نے پولیو مہم کے دسمبر میں جاری راؤنڈ کے سلسلے میں ٹاؤن کمیٹی کنری کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے شھباز محلہ، گاؤں بسٹان میں قائم ٹرانزٹ پوائنٹ، یوسی بسٹان کی ایم ایم پی (Micro Plan Point) اور اسسٹنٹ کمشنر کنری کے دفتر کا معائنہ کیا، دورے کے دوران ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نوید الرحمان لاڑک اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر عمرکوٹ ڈاکٹر محمد علی بھی موجود تھے، اس موقع پر کمشنر میرپورخاص ڈویژن نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی، حاضری، ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے عمل کا بغور جائزہ لیا، انہوں نے ٹرانزٹ پوائنٹس پر تعینات عملے کو ہدایت دی کہ آمد و رفت کرنے والے ہر بچے کو پولیو کے قطرے لازمی پلائے جائیں تاکہ کوئی بھی بچہ ویکسینیشن سے محروم نہ رہے، اس موقع پر یوسی بسٹان کی ایم ایم پی پر بریفنگ لیتے ہوئے کمشنر نے مائیکرو پلان، ٹیموں کی تشکیل، روزانہ کی کوریج رپورٹ اور نگرانی کے نظام کا جائزہ لیا اور واضح ہدایات جاری کیں کہ مہم کے دوران فیلڈ میں موجود عملہ پوری ذمہ داری اور دیانتداری کے ساتھ اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دے، انہوں نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کنری کے دفتر میں منعقدہ بریفنگ کے دوران کمشنر میرپورخاص ڈویژن نے انتظامی افسران اور محکمہ صحت کے ذمہ داران کو ہدایت دی کہ پولیو مہم کی مؤثر نگرانی، سیکیورٹی انتظامات اور عوامی آگاہی کو مزید بہتر بنایا جائے، انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر صورت پولیو کے قطرے پلائیں تاکہ آنے والی نسل کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے، آخر میں ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نوید الرحمان لاڑک نے کمشنر کو ضلع میں جاری پولیو مہم کے مجموعی انتظامات، درپیش چیلنجز اور اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا، جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد علی نے ویکسین کی دستیابی اور ٹیموں کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔