November 17, 2026

سکھر روز نامہ کانیات نصیر زیدی سندھ پینشنرز گرینڈ الائنس کی سکھر پریس کلب میں اہم پریس کانفرنس اور احتجاجی مظاہرہ گروپ انشورنس، بینیولنٹ فنڈ، پینشن میں اضافہ اور ہیلتھ کارڈ کے مطالبات

IMG-20251218-WA0259

سکھر روز نامہ کانیات نصیر زیدی
سندھ پینشنرز گرینڈ الائنس کی سکھر پریس کلب میں اہم پریس کانفرنس اور احتجاجی مظاہرہ
گروپ انشورنس، بینیولنٹ فنڈ، پینشن میں اضافہ اور ہیلتھ کارڈ کے مطالبات

سکھر (بیورورپورٹ)سندھ پینشنرز گرینڈ الائنس (ایس پی جی اے) کے زیرِ اہتمام سکھر پریس کلب میں ایک اہم پریس کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں سندھ بھر کے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو درپیش سنگین مسائل اور ان کے دیرینہ مطالبات حکومتِ سندھ کے سامنے رکھے گئے۔ پریس کانفرنس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مقررین نے صحافی برادری کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ہمیشہ مظلوم اور پسے ہوئے طبقے کی آواز کو اجاگر کر کے ایوانِ اقتدار تک پہنچاتے ہیں۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ پینشنرز گرینڈ الائنس کے چیف آرگنائزر پروفیسر محمد مراد نے کہا کہ الائنس سندھ کے لاکھوں ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے جائز اور آئینی حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، جن میں گروپ انشورنس، بینیولنٹ فنڈ، پینشن میں دس فیصد اضافہ، سالانہ بجٹ میں حاضر سروس ملازمین کی تنخواہوں کے برابر پینشن میں اضافہ اور ہیلتھ کارڈ کا اجرا شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ گروپ انشورنس کے تحت 1969ء سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے قسط وار کٹوتی کی جاتی رہی ہے، مگر ریٹائرمنٹ کے بعد اگر ملازم 65 برس کی عمر سے قبل وفات پا جائے تو اس کے ورثا کو رقم دی جاتی ہے، جبکہ زندہ ریٹائرڈ ملازمین کو اس حق سے محروم رکھا گیا ہے، جو کھلی ناانصافی اور بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔اسی طرح بینیولنٹ فنڈ بھی ملازمین کی تنخواہوں سے قسطوں کی صورت میں کاٹا گیا، مگر ریٹائرڈ ملازمین کے انتقال کے بعد ان کے ورثا کو نہایت قلیل رقم دی جاتی ہے، جو مہنگائی کے اس دور میں ناکافی ہے۔پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ یکم اپریل 2022ء کو وزیرِ اعظم میاں شہباز شریف نے ملک بھر کے سینیئر پینشنرز کی پینشن میں دس فیصد اضافے کا اعلان کیا تھا، جو سندھ کے سوا تمام صوبوں کے پینشنرز کو دیا گیا، جبکہ سندھ کے پینشنرز آج تک اس اضافے سے محروم ہیں، حالانکہ سندھ بھی پاکستان کا آئینی صوبہ ہے۔رہنماؤں نے مزید کہا کہ سال 2020ء تک سالانہ بجٹ میں حاضر سروس ملازمین کی تنخواہوں کے ساتھ ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن میں بھی مساوی اضافہ کیا جاتا تھا، مگر بعد ازاں پینشن کے ادارے پر مختلف پابندیاں عائد کر کے پینشنرز کو اس حق سے محروم کر دیا گیا، جس سے ریٹائرڈ ملازمین شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔صحت کے حوالے سے مطالبہ کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بڑھاپے میں پینشنرز مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو جاتے ہیں، مگر محدود مالی وسائل کے باعث علاج کرانا ممکن نہیں رہتا، اس لیے حکومت سندھ سے پرزور مطالبہ ہے کہ تمام پینشنرز کو ہیلتھ کارڈ جاری کیے جائیں تاکہ وہ باعزت طریقے سے علاج کرا سکیں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ سندھ کے پینشنرز 2022ء سے سڑکوں، پریس کلبوں اور ریڈ زونز میں احتجاج پر مجبور ہیں، جبکہ گروپ انشورنس کے لیے مارچ 2022ء میں سندھ ہائی کورٹ میں آئینی درخواست بھی دائر کی جا چکی ہے، مگر تاحال صرف پیشیاں ہو رہی ہیں اور کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔پریس کانفرنس میں یہ بھی یاد دلایا گیا کہ بلوچستان حکومت اپنے ریٹائرڈ ملازمین کو 1987ء سے بینیڈکٹ فنڈ اور 2009ء سے گروپ انشورنس کی ادائیگی کر رہی ہے، جبکہ سندھ حکومت ملازمین کی اپنی جمع شدہ رقم واپس کرنے سے انکاری ہے۔آخر میں سندھ پینشنرز گرینڈ الائنس نے حکومتِ سندھ سے مطالبہ کیا کہ 1970ء سے گروپ انشورنس اور بینیڈکٹ فنڈ کی ادائیگی، اپریل 2022ء سے دس فیصد پینشن اضافہ، آئندہ بجٹ میں حاضر سروس ملازمین اور پینشنرز کے درمیان اضافے کا فرق ختم کرنے اور فوری طور پر ہیلتھ کارڈ جاری کرنے کی منظوری دی جائے۔ بصورتِ دیگر لاکھوں ریٹائرڈ ملازمین وزیرِ اعلیٰ ہاؤس اور بلاول ہاؤس کے سامنے احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔پریس کانفرنس میں شریک رہنماء پروفیسر محمد مراد چیف آرگنائزر، محمد قاسم پٹھان آرگنائزر و ترجمان، سید امان اللہ شاہ مشوانی آرگنائزر، سید عاشق علی شاہ آرگنائزر، سید علی رضا شاہ آرگنائزر، میر مدد علی تالپور آرگنائزر، قاضی رکن الدین آرگنائزر، عبدالحلیم آرگنائزر،عبداللہ آرگنائزر سندھ پینشنرز گرینڈ الائنس نے واضح کیا کہ یہ جدوجہد اپنے حقوق کے حصول تک جاری رہے گی اور کسی بھی قسم کی ناانصافی قبول نہیں کی جائے گی۔بعد ازیں پریس کانفرنس کے بعد ریٹائرڈ ملازمین نے سکھر پریس کلب کے سامنے اپنے مطالبات کے حق میں بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ فلفور ہمارے جائز مطالبات پورے کئے جائیں بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔