نورپور تھل (راجہ نورالہی عاطف سے) معروف و ہردلعزیز سماجی شخصیت ملک عبدالغفور آصف
نورپور تھل (راجہ نورالہی عاطف سے) معروف و ہردلعزیز سماجی شخصیت ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ نے کتب بینی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مطالعہ کسی بھی قوم کی فکری، اخلاقی اور سماجی ترقی کی بنیاد ہوتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ جو معاشرے کتاب سے رشتہ مضبوط رکھتے ہیں، وہی علم، شعور اور کردار کے میدان میں آگے بڑھتے ہیں۔
ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ نے کہا کہ کتاب انسان کو محض معلومات ہی فراہم نہیں کرتی بلکہ اُسے سوچنے، سمجھنے اور درست فیصلے کرنے کی صلاحیت بھی عطا کرتی ہے۔ کتب بینی نوجوان نسل کو منفی رجحانات سے بچا کر مثبت اور تعمیری سوچ کی طرف راغب کرتی ہے، جو ایک مضبوط اور باوقار معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید دور میں سوشل میڈیا اور غیر ضروری مصروفیات کے باعث مطالعہ کا ذوق کم ہوتا جا رہا ہے، جو ایک تشویشناک امر ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ گھروں، تعلیمی اداروں اور سماجی سطح پر کتاب دوست ماحول کو فروغ دیا جائے۔
ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ نے والدین، اساتذہ اور سماجی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ بچوں اور نوجوانوں میں مطالعہ کی عادت ڈالنے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔ اُن کا کہنا تھا کہ لائبریریوں کا قیام، کتاب میلوں کا انعقاد اور مطالعہ جاتی نشستوں کا اہتمام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کتاب سے دوستی دراصل علم سے دوستی ہے، اور علم ہی وہ طاقت ہے جو قوموں کو اندھیروں سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرتی ہے۔