سکھر(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان نے انسدادِ پولیو مہم کے دوسرے روز تحصیل روہڑی کی
سکھر(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان نے انسدادِ پولیو مہم کے دوسرے روز تحصیل روہڑی کی یونین کونسل لونگ بھٹی کا دورہ کیا اور موبائل پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ویکسینیٹرز اور ایریا سپروائزرز سے ملاقات کی اور مہم سے متعلق انتظامات کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان نے پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران مائیکرو پلان پر سختی سے عمل کرتے ہوئے گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں تاکہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے دو قطرے لازمی پلائے جائیں اور اس عمل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈی سی سکھر نے مزید تاکید کی کہ دورانِ مہم کولڈ چین کے معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے تاکہ ویکسین کی افادیت متاثر نہ ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ بچوں کی فنگر مارکنگ کے عمل کو بھی مکمل اور شفاف انداز میں یقینی بنایا جائے، تاکہ ریکارڈ درست رہے اور مہم کی کامیابی ممکن بنائی جا سکے۔انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ انسدادِ پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے، اس لیے اس میں سستی یا غفلت کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ تمام متعلقہ افسران اور اہلکار اپنی ذمہ داریاں دیانت داری اور محنت سے ادا کریں تاکہ ضلع سکھر کو پولیو فری بنانے کے ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔