November 17, 2026

سکھر میں یومِ وفات سیدنا ابوبکر صدیقؓ نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا

IMG-20251215-WA0122

سکھر میں یومِ وفات سیدنا ابوبکر صدیقؓ نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا
مطالباتی مدحِ صحابہ جلوس، عام تعطیل کا مطالبہ

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین نیوز)سنی سلامتی کونسل ایس ایس پی ضلع سکھر کے زیر اہتمام یومِ وفات امیرالمؤمنین سیدنا ابوبکر صدیقؓ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مرکزِ اہلِ سنت جامع مسجد ربانیہ، ایوب گیٹ سکھر سے یومِ وفات سیدنا ابوبکر صدیقؓ کے عنوان سے مطالباتی مدحِ صحابہ جلوس نکالا گیا، جس میں علما، مشائخ، کارکنان اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔جلوس کی قیادت سنی سلامتی کونسل ایس ایس پی ضلع سکھر کے امیر حافظ محمد زمان ربانی، صدر حضرت مولانا غلام اللہ حیدری اور دیگر مرکزی و ضلعی رہنماؤں نے کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر سیدنا ابوبکر صدیقؓ کی عظمت، فضائل اور صحابہ کرامؓ سے محبت کے عبارات درج تھیں۔جلوس شہر کے مختلف شاہراہوں سے ہوتا ہوا سکھر پریس کلب پہنچا جہاں یہ پرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر جلوس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے سیرتِ صدیقِ اکبرؓ پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ حضرت ابوبکر صدیقؓ رفقائے انبیاءؑ کے بعد سب سے اعلیٰ مقام پر فائز ہیں۔رہنماؤں نے حضور اکرم ﷺ کا فرمان نقل کرتے ہوئے کہا کہ “میں نے سب کے احسان اتار دیے ہیں، تاہم ابوبکر صدیقؓ کا احسان ایسا ہے جسے اللہ تعالیٰ خود قیامت کے دن اتارے گا۔” مقررین کا کہنا تھا کہ سیدنا ابوبکر صدیقؓ مسلم حکمرانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، آپؓ نہایت رقیق القلب، رحم دل اور اعلیٰ اخلاق و کردار کے حامل تھے۔ زمانۂ جاہلیت میں بھی آپؓ سچائی، دیانت اور امانت کی مثال سمجھے جاتے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیدنا ابوبکر صدیقؓ کو غارِ ثور میں رسول اللہ ﷺ کا رفیق بننے کا عظیم شرف بھی حاصل ہوا، جو آپؓ کے بلند مقام اور بے مثال قربِ مصطفیٰ ﷺ کی دلیل ہے۔ مقررین نے زور دیا کہ صحابہ کرامؓ کی محبت اور تعظیم ایمان کا حصہ ہے اور امت مسلمہ کو ان کے نقشِ قدم پر چلنا چاہیے۔اختتام پر رہنماؤں نے حکومتِ وقت سے مطالبہ کیا کہ جمادی الثانی میں یومِ وفات سیدنا حضرت ابوبکر صدیقؓ کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا جائے اور اس دن کو سرکاری سطح پر منایا جائے تاکہ نئی نسل کو خلفائے راشدینؓ کی سیرت اور خدمات سے آگاہ کیا جا سکے۔