سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج، تین افراد کے قتل پر انصاف کا مطالبہ
سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج، تین افراد کے قتل پر انصاف کا مطالبہ
سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین نیوز)سکھر گاؤں حاجی اسماعیل چوہان کے رہائشی، چوہان برادری سے تعلق رکھنے والے وزیر احمد چوہان نے اپنے بیٹے ابوبکر چوہان کے ہمراہ سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے مہر اور جتوئی برادری کے بااثر افراد پر چوہان برادری کے تین افراد کو بلاجواز اور بے گناہ قتل کرنے کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔احتجاج کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر احمد چوہان نے بتایا کہ سال 2024 میں ان کے تین بھائیوں کو مہر اور جتوئی برادری کے بااثر افراد نے بے دردی سے قتل کیا، تاہم ایک طویل عرصہ گزرنے کے باوجود نہ تو ملزمان گرفتار ہو سکے اور نہ ہی متاثرہ خاندان کو انصاف ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ انصاف کے حصول کے لیے وہ مسلسل پولیس کے اعلیٰ افسران کے دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں، مگر پولیس اصل قاتلوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے مبینہ طور پر ان کی پشت پناہی کر رہی ہے۔وزیر احمد چوہان نے مزید الزام لگایا کہ مہر اور جتوئی برادری کے مسلح اور بااثر افراد نے گاؤں حاجی اسماعیل چوہان میں رہائش پذیر چوہان برادری کے خاندانوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ان کے مطابق آئے روز مسلح افراد گاؤں میں داخل ہو کر جدید اسلحے سے فائرنگ کرتے اور اہلِ خانہ کو سنگین دھمکیاں دیتے ہیں کہ مقدمہ واپس نہ لینے کی صورت میں مزید جانی نقصان پہنچایا جائے گا۔انہوں نے اعلیٰ حکام، چیف جسٹس آف پاکستان، وزیرِ اعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے پرزور مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، متاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔وزیر احمد چوہان نے یہ بیان بھی ریکارڈ پر لانے کا مطالبہ کیا کہ اگر آئندہ انہیں یا ان کے بیٹوں کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار مہر اور جتوئی برادری کے بااثر افراد اور مبینہ طور پر ملوث پولیس افسران ہوں گے۔ مظاہرین نے خبردار کیا کہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔