سکھر پولیس کی بڑی کارروائی، موٹر وے سے چرایا گیا کروڑوں روپے مالیت کا سامان برآمد، 4 ملزمان گرفتار
سکھر پولیس کی بڑی کارروائی، موٹر وے سے چرایا گیا کروڑوں روپے مالیت کا سامان برآمد، 4 ملزمان گرفتار
سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی دعا ان کا ین نیوڈ)سکھر پولیس نے موٹر وے سے چوری کیے گئے قیمتی سرکاری سامان کی بازیابی کے لیے ایک بڑی اور اہم کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کے لوہے کے اینگلز، پول، وائر جالی اور دیگر مسروقہ مواد برآمد کرلیا جبکہ واردات میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی خصوصی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ڈی ایس پی روہڑی مشتاق شاہ کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ پٹنی عمران بھیو نے مخفی اطلاع پر کامیاب کارروائی کی۔ پولیس نے تھانہ پٹنی کی حدود میں چھاپہ مار کر موٹر وے پر نصب حفاظتی آلات چوری کرنے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا۔گرفتار ملزمان میں مختیار برڑو، نوید شیخ، ہریش کمار اور شفاقت عباسی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے موٹر وے سے چوری کیا گیا قیمتی سامان گل حسن بھٹی مارکیٹ میں قائم کباڑ کے دو گوداموں میں چھپا رکھا تھا، جہاں سے پولیس نے بڑی مقدار میں مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔برآمد ہونے والے سامان میں 165 عدد لوہے کے اینگلز، 09 عدد چھوٹے پول، 04 عدد اینٹی گلیئر شیٹس، 01 عدد جالی رول سمیت دیگر قیمتی مواد شامل ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ سامان کی مجموعی مالیت کروڑوں روپے بنتی ہے۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد برآمد شدہ سامان موٹر وے حکام کے حوالے کیا جائے گا۔دریں اثناء ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے اس کامیاب اور بڑی کارروائی پر پولیس پارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباشی کا پیغام دیا ہے اور ٹیم کے لیے سی سی تھرڈ دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق جرائم کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایسے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔