November 17, 2026

قومی تعمیر و ترقی میں قلمکاروں کا کردار خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

IMG-20250912-WA0214(36)

قومی تعمیر و ترقی میں قلمکاروں کا کردار

خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

قوموں کی تاریخ اس حقیقت کی گواہ ہے کہ ریاستیں صرف عمارتوں، سڑکوں اور صنعتوں کے بل پر ترقی نہیں کرتیں، بلکہ اصل ترقی اُس فکری سطح سے جنم لیتی ہے جو قلم، کتاب اور علم سے پروان چڑھتی ہے۔ کسی بھی معاشرے کی ذہنی و اخلاقی تربیت، شعور کی بیداری اور مستقبل کی سمت کا تعین ہمیشہ قلمکار ہی کرتے ہیں۔ ان کا لکھا ہوا ہر لفظ نسلوں کی سوچ بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اسی لیے کہا جاتا ہے کہ قلم کی روشنائی قوم کا مقدر بدل سکتی ہے۔
ہر دور میں اہلِ قلم نے رہنماؤں کا کردار ادا کیا ہے۔ وہ معاشرتی مسائل کی نشاندہی کرتے، حل پیش کرتے اور قوم کو تعمیرِ نو کے لیے فکری راستے دکھاتے ہیں۔ ان کی تحریریں محض الفاظ نہیں ہوتیں، بلکہ زندہ قوموں کی فکری بنیادیں ہوتی ہیں۔ ایک اچھا کالم نگار، مصنف یا شاعر معاشرے کی نبض پر ہاتھ رکھ کر وہ سچ بیان کرتا ہے جو عوام کو طاقت دیتا اور ارباب اختیار کو آئینہ دکھاتا ہے۔
قلمکار کی سب سے بڑی ذمہ داری اپنی قلم کو معاشرتی فلاح و بہبود کےلیے استعمال کرناا ہے۔ قلمکار قوم کو بتاتا ہے کہ اصل مسئلہ کیا ہے اور اس کا حل کس سمت موجود ہے۔ یہی سچائی اجتماعی شعور کو مضبوط کرتی ہے، اور ایک باشعور قوم ہی پائیدار ترقی کی بنیاد رکھ سکتی ہے۔
معاشرے میں پھیلی ناانصافی، کرپشن، جہالت، انتہاپسندی اور معاشرتی برائیوں کے خلاف سب سے مؤثر جنگ قلم ہی لڑتا ہے۔ ایک قلمکار جب کسی خرابی کو بے نقاب کرتا ہے، تو وہ صرف تنقید نہیں کرتا بلکہ اصلاح کی راہ بھی دکھاتا ہے۔ اس کے الفاظ محروم طبقات کی آواز بنتے ہیں، اور طاقتور طبقات کو اپنی ذمہ داریاں یاد دلاتے ہیں۔
آج کے دور میں کسی بھی قوم کے لیے سب سے بڑی ضرورت ایک مثبت، تعمیری اور متحد بیانیہ ہے۔ قلمکار ہی وہ قوت ہے جو انتشار سے نکال کر قوم کو وحدت کی طرف لے جاتی ہے۔ وہ اپنی تحریروں کے ذریعے یہ احساس بیدار کرتا ہے کہ قومیں اختلافِ رائے سے نہیں ٹوٹتیں، بلکہ عدم برداشت اور نفرت سے بکھر جاتی ہیں۔ اس لیے اہلِ قلم کا فرض ہے کہ وہ ایسے بیانیے کو فروغ دیں جو سیاست سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو مقدم رکھے۔
ترقی اُن قوموں کا مقدر بنتی ہے جن کی نوجوان نسل باشعور، محنتی اور پرعزم ہو۔ نوجوانوں کی فکری تربیت میں قلمکاروں کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ وہ نوجوانوں کو خواب بھی دیتے ہیں اور اُن خوابوں کی تعبیر کی راہیں بھی دکھاتے ہیں۔ آج اہلِ قلم کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے کہ وہ تحقیق، علم اور سچائی کو بنیاد بنا کر نئی نسل کو ایک مستحکم فکری سمت دیں۔
قلمکار معاشرے کے انجینئر ہیں۔ وہ ذہنوں کو تعمیر کرتے ہیں، سوچ کو روشن کرتے ہیں اور قوم کو علم و شعور کے ہتھیار دیتے ہیں۔ قومی تعمیر و ترقی کا سفر اہلِ قلم کی رہنمائی کے بغیر ممکن ہی نہیں۔ لہٰذا سماج کو چاہیے کہ وہ اپنے قلمکاروں کا احترام کرے، ان کے لیے فکری آزادی کے دروازے کھلے رکھے، اور ان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھے—کیونکہ قلم قوم کا مقدر لکھتا ہے، اور تقدیر ہمیشہ اُنہی کی بدلتی ہے جو قلم کی طاقت کو پہچانتے ہیں۔