سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی سکھر و خیرپور میں عالمی معیار کی لوک سہائتا
سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی
سکھر و خیرپور میں عالمی معیار کی لوک سہائتا میراتھن 2025 کی تیاریاں مکمل مراحل میں داخل
کمشنر عابد سلیم قریشی کی زیر صدارت اہم اجلاس، 3000 سے زائد ملکی و غیر ملکی رنرز کی شرکت متوقع
سکھر (بیورورپورٹ) سکھر ڈویژن کے کمشنر عابد سلیم قریشی کی زیر صدارت ان کے دفتر کے کانفرنس ہال میں لوک سہائتا میراتھن 2025 کی تیاریوں سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ یہ عالمی معیار کی دوسری میراتھن 21 دسمبر کو سکھر اور خیرپور کے درمیان منعقد ہوگی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ٹو سکھر گل بیگ مجیداݙو، ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان، ایس ایس پی سکھر اظہر مغل، کمشنر سکھر میونسپل کارپوریشن پیر واحد بخش، لوک سہائتا ٹرسٹ کے میراتھن آرگنائزر آغا ہارون، وسیم احمد، محمد کاشف، ڈی ایچ او سکھر، پرنسپل آئی بی اے پبلک اسکول پروفیسر علی گوہر چانگ، ڈپٹی ڈائریکٹر پاکستان بیت المال شبیر میمن، ایڈیشنل ڈی ایچ او خیرپور، ریسکیو 1122، آئی بی اے یونیورسٹی سکھر، اروڑ اور شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے نمائندے سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر عابد سلیم قریشی نے کہا کہ سکھر اور خیرپور میں عالمی معیار کی میراتھن کا انعقاد قابلِ فخر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس بار بین الاقوامی کھلاڑیوں کی شرکت اس میگا ایونٹ کو گزشتہ سال کی نسبت منفرد بنائے گی۔ کمشنر نے مزید کہا کہ میراتھن میں اب صرف 10 دن باقی ہیں، لہٰذا تمام محکمے مکمل رابطہ کاری کے ساتھ حتمی حکمتِ عملی تیار کریں اور اس پر سو فیصد عمل درآمد یقینی بنائیں۔کمشنر نے متعلقہ محکموں کو صفائی، ٹریفک فری روٹ، فول پروف سیکیورٹی، رنرز کے قیام و طعام، ٹرانسپورٹ، ایمبولینسز، میڈیکل اسٹاف اور دواؤں کی فراہمی سمیت تمام ضروری سہولیات کا بروقت بندوبست کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں لوک سہائتا میراتھن کے آرگنائزر آغا ہارون نے روٹ اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال مردوں اور خواتین کی میراتھن کے روٹ میں تبدیلی کی گئی ہے اور دونوں کی شروعات اور اختتام آئی بی اے پبلک اسکول سکھر پر ہوگا۔مردوں کی عالمی معیار کی 42.195 کلومیٹر میراتھن،آغاز: صبح 7 بجے آئی بی اے پبلک اسکول سکھر،رنرز 21 کلومیٹر دوڑ کر وارث گنبھیر (N-5 شاہ حسین بائی پاس) پہنچیں گے،وہاں سے اسی راستے سے واپسی،اختتام آئی بی اے پبلک اسکول سکھر پر ہوگا،6 گھنٹوں کا مقررہ وقت،خواتین کی 10 کلومیٹر منی میراتھن،آغاز اور اختتام آئی بی اے پبلک اسکول سکھر،سینٹرل جیل سکھر تک 5 کلومیٹر دوڑ،وہیں سے واپسی پر 5 کلومیٹر مکمل کرکے فائنل پوائنٹ تک پہنچیں گی،صحافیوں کے لیے خصوصی 3 کلومیٹر میراتھن،پبلک اسکول سے گلوب چوک تک،واپسی پر گلوب چوک سے پبلک اسکول تک،آغا ہارون کے مطابق اختتامی تقریب دوپہر 2 بجے آئی بی اے پبلک اسکول میں ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ میراتھن 2025 کے لیے پورے ملک سے 3000 سے زائد رنرز کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے، جبکہ اس بار شام، یورپ، افریقہ اور مشرق وسطیٰ کے ایتھلیٹس بھی شرکت کے لیے سکھر پہنچ رہے ہیں۔اجلاس میں شریک افسران نے گزشتہ سال کی میراتھن میں سامنے آنے والی کمزوریوں پر روشنی ڈالی اور اس سال کے ایونٹ کو مزید بہتر بنانے کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔