واپڈا کی نجکاری، مہنگائی اور ملازمین کے مسائل کے خلاف سیپکو ملازمین کا سکھر میں بڑا احتجاج
واپڈا کی نجکاری، مہنگائی اور ملازمین کے مسائل کے خلاف سیپکو ملازمین کا سکھر میں بڑا احتجاج
سرکل آفس سے پریس کلب تک ریلی، احتجاج جلسے کی شکل اختیار کر گیا؛ مطالبات منظور نہ ہوئے تو تحریک مزید سخت کرنے کا اعلان
سکھر (بیورورپورٹ۔۔۔سید ۔صجر حسین زیدی) ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر میں بھی واپڈا کی نجکاری، مہنگائی اور دیرینہ ملازمین کے مسائل کے خلاف آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی ای) سیپکو سکھر ریجن کی قیادت میں سیپکو ملازمین نے بھرپور احتجاج کیا۔ اس سلسلے میں بڑی تعداد میں ملازمین نے سرکل آفس سکھر سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی، جس کے بعد پریس کلب کے باہر دھرنا دیا گیا۔ دھرنا دیکھتے ہی دیکھتے بڑے جلسے کی صورت اختیار کر گیا، جس میں شرکاء نے اپنے مطالبات کے حق میں زوردار نعرے لگائے۔ریلی اور دھرنے کی قیادت آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی ای) سیپکو سکھر ریجن کے رہنماؤں خلیل الرحمن ڈومکی، شجاعت حسین گھمرو، عقیل احمد جوڻیجو، سرور علی، سید زاہد شاہ، عقیق احمد دايو، نذر محمد میمن، اشفاق احمد مہر، ندیم علی کورائی، ہدایت اللہ کورائی، عابد علی کھوسو، عبدالمجید سولنگی، سرور علی شیخ، عباس علی شاہ، طاہر پیرزادہ، ماجد علی شاہ اور دیگر نے کی۔رہنماؤں نے وفاقی حکومت اور سیپکو انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ واپڈا کی نجکاری کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے، کیونکہ یہ ایک قومی ادارہ ہے اور اس کی نجکاری سے ہزاروں ملازمین اور ان کے خاندان شدید متاثر ہوں گے۔ رہنماؤں نے کہا کہ واپڈا کے کارکنان نے اپنے خون پسینے سے اس ادارے کو کھڑا کیا ہے، اس لیے اس کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی، اگر اس کے لیے قربانی دینی پڑے۔مقررین نے مزید کہا کہ کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو فوری طور پر مستقل کیا جائے، جبکہ مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافہ کیا جائے۔ اسی طرح پروموشنز اور ٹائم اسکیل کے معاملات حل کیے جائیں اور ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات جلد از جلد ادا کیے جائیں۔احتجاجی رہنماؤں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فیلڈ میں کام کرنے والے ملازمین کو مکمل حفاظتی سامان فراہم کیا جائے اور علاج معالجے کی بہترین سہولیات مہیا کی جائیں، تاکہ ملازمین اور ان کے گھر والوں کو ریلیف مل سکے۔شرکاء نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات منظور نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید بڑھایا جائے گا اور مکمل تحریک چلائی جائے گی، جس کی پوری ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔