بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی۔ دعا انلاین نیوز *کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی کی زیر
بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی۔ دعا انلاین نیوز
*کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی کی زیر صدارت سکھر میں منعقدہ عالمی معیار کی لوک سہائتا میراتھن-II کے انتظامات کے سلسلے میں اجلاس منعقد*
میراتھن کے انعقاد میں 10 دن باقی رہ گئے، تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جائے، کمشنر سکھر کی افسران کو ہدایت
دوسری لوک سہائتا میراتھن ـ2025ء کے روٹ میں نمایاں تبدیلی، فاصلہ وہی برقرار مگر روٹ نصف
مرد و خواتین میراتھن کے علاوہ تیسری کیٹیگری صحافیوں کی 3کلومیٹر میراتھن بھی منعقد ہوگی
شام، یورپ، افریقہ اور مڈل ایسٹ کے ممالک سے ایتھلیٹس میراتھن کا حصہ ہونگے، میراتھن آرگنائزرز
سکھر ( ) 21 دسمبر کو سکھر اور خیرپور کے درمیان منعقدہ عالمی معیار کی دوسری لوک سہائتا میراتھن کی تیاریوں کے سلسلے میں سکھر ڈویژن کے کمشنر عابد سلیم قریشی کی زیر صدارت ان کے آفس کے کانفرنس ہال میں ایک اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ایڈیشنل کمشنرـ ٹو سکھر گل بیگ مجیدانو، ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان، ایس ایس پی سکھر اظہر مغل، کمشنر سکھر میونسپل کارپوریشن پیر واحد بخش، لوک سہائتا ٹرسٹ کے میراتھن آرگنائزرز آغا ہارون، وسیم احمد اور محمد کاشف، ڈی ایچ او سکھر، پرنسپل سکھر آئی بی اے پبلک اسکول پروفیسر علی گوہر چانگ، ڈپٹی ڈائریکٹر پاکستان بیت المال شبیر میمن، ڈی ایچ او سکھر، ایڈیشنل ڈی ایچ او خیرپور، ڈی آئی بی انچارج، ریسکیو 1122، سکھر آئی بی اے یونیورسٹی، اروڑ اور شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے افسران اور سکھر اور خیرپور اضلاع کے دیگر محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے کہا کہ عالمی معیار کی میراتھن کا سکھر اور خیرپور میں منعقد ہونا اعزاز کی بات ہے، جبکہ اس مرتبہ بین الاقوامی رنرز کی شرکت دوسری لوک سہائتا میراتھن- 2025ء کو گزشتہ میراتھن سے منفرد بناتی ہے۔ کمشنر سکھر نے کہا کہ اب چونکہ میراتھن میں 10 روز باقی رہ گئے ہیں، اس لیے سکھر اور خیرپور اضلاع کے متعلقہ محکموں کے تمام افسران کو چاہیے کہ وہ میراتھن کے کامیاب اور یادگار انعقاد کے لیے حتمی اور مربوط حکمت عملی بنائیں اور اس پر عمل کو یقینی بنائیں۔ کمشنر سکھر نے سیکیورٹی، روٹ کی صفائی، ٹریفک فری روٹ، رنرز کے لیے طعام و قیام، ٹرانسپورٹیشن، دوران میراتھن ایمبولنسز معہ میڈیکل اسٹاف و ادویات کی دستیابی سمیت دیگر مطلوب سہولیات کے لیے متعلقہ محکموں کے افسران کو اقدامات لینے کی ہدایت کر دی۔
اس موقع پر لوک سہائتا ٹرسٹ کے میراتھن آرگنائزر آغا ہارون نے اجلاس کو میراتھن اور میراتھن کے روٹ کے متعلق آگہی دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ برس کی بنسبت اس مرتبہ مرد و خواتین میراتھن رنرز کے روٹ میں نمایاں تبدیلی لائی گئی ہے، انہوں نے بتایا کہ مرد و خواتین میراتھن کی ابتداء و اختتام ایک ہی مقام پبلک اسکول سکھر پر ہونا ہے،
آغا ہارون کے مطابق 21 دسمبر کو مردوں کی 42.195 کلو میٹرز کے فاصلے پر مشتمل عالمی معیار کے میراتھن کا دورانیہ 6 گھنٹوں پر محیط ہوگا اور آغاز صبح 7 بجے آئی بی اے پبلک اسکول سکھر سے ہوگا جو کہ گزشتہ سال کی میراتھن کی طرح کوٹڈیجی کی جانب نہیں، بلکہ 21 کلو میٹر فاصلہ طے کر کے شاہ حسین بائی پاس خیرپور (N-5) کے قریب وارث گنبھیر کے مقام پر پہنچ کر واپس اسی روٹ سے مڑتے ہوئے اسی طرح بقیہ21 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد پبلک اسکول سکھر کے مقام پر پہنچ کر رنرز اپنی دوڑ کا اختتام کریں گے، اسی طرح خواتین کی 10 کلو میٹر فاصلے پر مشتمل منی میراتھن کا آغاز بھی پبلک اسکول سکھر سے ہوگا اور سینٹرل جیل سکھر کے قریب 5 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد واپس اسی روٹ سے 5 کلومیٹر طے کرتے ہوئے پبلک اسکول سکھر کے مقام تک پہنچنا ہے، جبکہ تیسری کیٹیگری میں جرنلسٹس کے لیے پبلک اسکول سے گلوب چوک اور واپس گلوب چوک سے پبلک اسکول کل 3 کلومیٹرز پر مشتمل مختصر میراتھن بھی منعقد ہوگی، اجلاس کو بتایا گیا کہ آئی بی اے پبلک اسکول سکھر میں دوپہر 2 بجے اختتامی تقریب منعقد ہوگی۔
لوک سہائتا میراتھن آرگنائزرز نے اجلاس کو مزید بتایا کہ ميراتھن-2025ء میں ملک بھر سے 3000 سے زائد رنرز کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے، اس مرتبہ اندرون ملک رنرز کے علاوہ شام، یورپ، مڈل ایسٹ اور افریقہ کے ممالک سے بھی رنرز سکھر پہنچ کر لوک سہائتا میراتھن میں حصہ لے رہے ہیں، اجلاس میں شرکاء سے گزشتہ سال کی میراتھن کی خامیوں کو نظر میں رکھتے ہوئے حالیہ میراتھن کی مزید بہتری کے لیے تجاویز لی گئیں۔#