ملک اظہر حسین بگہ — بطورہر دلعزیز سماجی شخصیت خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف
ملک اظہر حسین بگہ — بطورہر دلعزیز سماجی شخصیت
خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف
معاشرے کی اصل پہچان وہ لوگ ہوتے ہیں جو اپنی ذات سے زیادہ دوسروں کے لیے جیتے ہیں۔ ایسے لوگ اپنی خدمت، اخلاق، محبت اور خلوص کے باعث دلوں پر حکومت کرتے ہیں۔ خوشاب اور گردونواح میں ملک اظہر حسین بگہ کا نام بھی انہی شخصیات میں نمایاں ہے جنہوں نے اپنی عملی جدوجہد، انسان دوستی اور سماجی بہبود کے جذبے سے خود کو ہر دلعزیز شخصیت کے طور پر منوایا ہے۔ ملک اظہر حسین بگہ کا تعلق نورپورتھل سے ہے ۔ وہ یہاں کی بگہ فیملی کے قابل فخر چشم و چراغ ہیں۔ موصوف نہایت ہردلعزیز، ہنس مکھ ، خوش اخلاق ، ملنسار اور بردبار شخصیت کے مالک ہیں۔ ملک اظہر حسین بگہ کا شمار سدا بہار ایم پی اے ملک محمدوارث کلو مرحوم کے معتمد ساتھیوں ہوتا تھا اور اب ان کی ان کے صاحبزادے ایکس ایم پی اے بیرسٹر ملک معظم شیر کلو کے ساتھ وہی وابستگی برقرار رہے۔ وہ کلو گروپ کے سربراہ ملک عبدالرحمان وارث کلو کے ساتھ قربت داری ہے۔
ملک اظہر حسین بگہ کی شخصیت کا نمایاں پہلو ان کا نرم لہجہ، شائستہ رویہ اور عاجزانہ طرزِ عمل ہے۔ وہ جہاں جاتے ہیں محبت، خلوص اور احترام کی فضا پیدا کر دیتے ہیں۔ ان سے ملنے والا ہر شخص اس بات کا گواہ ہے کہ بگہ صاحب دوسروں کا درد اپنی ذات کا درد سمجھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ علاقائی مسائل ہوں، غریب گھرانوں کی مدد ہو، بیماروں کی تیمار داری ہو یا نوجوانوں کی رہنمائی—وہ ہمیشہ ہر جگہ فعال کردار ادا کرتے ہیں۔
خاص طور پر غریب اور مستحق طبقے کے لیے ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔ وہ نہ صرف اپنے وسائل کو عوامی فلاح میں استعمال کرتے ہیں بلکہ دوسروں کو بھی ایسے کاموں کی ترغیب دیتے ہیں۔ ضرورت مند مریضوں کے علاج و معالجے میں مدد کے لیے ان کی عملی کاوشوں کو وسیع پیمانے پر سراہا جاتا ہے۔ ان کا ہر قدم اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ سماجی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد سمجھتے ہیں۔
ملک اظہر حسین بگہ نوجوانوں کے لیے بھی ایک روشن مثال ہیں۔ وہ انہیں مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اورتعلیم کو فروغ دینے کے لیے عملی کردار ادا کرتے ہیں۔ علاقے میں امن، بھائی چارے اور برداشت کو فروغ دینے کے لیے ان کی کاوشیں قابلِ تعریف ہیں۔ وہ ہمیشہ اختلاف کی بجائے اتفاق، نفرت کی بجائے محبت اور انتشار کی بجائے اتحاد کا پیغام دیتے ہیں۔
یہ حقیقت ہے کہ کسی بھی علاقے کی ترقی ایسے ہی باکردار، بااخلاق اور انسان دوست شہریوں سے ممکن ہوتی ہے۔ ملک اظہر حسین بگہ انہی لوگوں میں سے ہیں جنہوں نے اپنے کردار اور عمل سے ثابت کیا ہے کہ خدمت ہی سب سے بڑی عبادت ہے۔ ان کی ذات عوام کے لیے سایہ دار درخت کا درجہ رکھتی ہے جس کے نیچے بیٹھنے والے خود کو محفوظ، مطمئن اور باوقار محسوس کرتے ہیں۔
علاقے کے عوام ملک اظہر حسین بگہ کی خدمات کو نہ صرف سراہتے ہیں بلکہ ان پر فخر بھی کرتے ہیں۔ ان کی ہر دلعزیزی کا راز بھی یہی بے لوث خدمت، عاجزی اور خالص انسان دوستی ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں اسی جذبے کے ساتھ مزید کامیابیاں عطا فرمائے اور وہ اسی طرح لوگوں کے دلوں میں محبت کے چراغ روشن کرتے رہیں۔ آمین