سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)جئے شاہ ٹاؤن کی یوسی 7 اور یوسی 9 میں گزشتہ دو ماہ سے گھروں میں گٹر کا گندا پانی جمع ہونے اور علاقے میں
سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)جئے شاہ ٹاؤن کی یوسی 7 اور یوسی 9 میں گزشتہ دو ماہ سے گھروں میں گٹر کا گندا پانی جمع ہونے اور علاقے میں شدید گندگی کے ڈھیر لگنے کے خلاف علاقہ مکینوں نے سخت احتجاج کیا۔ مظاہرین نے انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔احتجاج کی قیادت سکھر شہری اتحاد کے چیئرمین مولانا عبیداللہ بھٹو ابنِ آزاد، مولانا ذوالفقار علی مہر، ایاز احمد شیخ اور دیگر رہنماؤں نے کی۔ اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کئی سالوں سے علاقے میں گندگی، ٹوٹی پھوٹی نکاسی آب اور پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے بچھائی گئی پانی کی لائن پہلے ہی تین بار پھٹ چکی ہے، جس کے باعث گھروں میں دو سے تین فٹ تک گندا پانی کھڑا ہے۔ گندگی اور تعفن کے باعث معصوم بچے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں جبکہ متعلقہ نمائندے صورتحال سے بے خبر اور لاتعلق دکھائی دیتے ہیں۔مظاہرین نے یوسی 7 کے چیئرمین ممتاز اعوان اور یوسی 9 کے چیئرمین اظہر اعوان پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ وہ صرف غریب شہریوں کو ہراساں کرنے، ان کی زمینوں پر قبضہ کرنے اور انہیں دھمکیاں دینے میں مصروف ہیں، جبکہ عوام کی مشکلات پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ وہ اس جدید دور میں بھی جانوروں جیسی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جبکہ ان کے منتخب نمائندے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے بنیادی مسائل فوری حل نہ کیے گئے تو وہ یوسی چیئرمینوں کے گھروں کے باہر کالا توا لٹکا کر بھرپور احتجاج کریں گے۔مظاہرین نے حکامِ بالا سے مطالبہ کیا کہ صورتحال کا فوری نوٹس لے کر نکاسی آب، صاف پانی اور صفائی ستھرائی کے دیرینہ مسائل مستقل بنیادوں پر حل کیے جائیں۔