November 17, 2026

سکھر: این سی ایچ ڈی اساتذہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاجی ریلی، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس کے سامنے مظاہرہ

IMG-20251128-WA0324

سکھر: این سی ایچ ڈی اساتذہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاجی ریلی، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس کے سامنے مظاہرہ

سکھر (بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی)سکھر اور اس کے مضافاتی اضلاع سے تعلق رکھنے والے این سی ایچ ڈی کے مرد و خواتین اساتذہ نے گزشتہ پانچ ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے خلاف ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس تک احتجاجی ریلی نکالی اور ڈی اے او (ٹریژری) دفتر کے سامنے دھرنا دے کر شدید نعرے بازی کی۔احتجاجی ریلی کی قیادت این سی ایچ ڈی اساتذہ رہنماؤں عبداللہ کلہوڑو، قمرالدین، نصرت بیگم، احسان بھیو، الہڈنو جتوئی سمیت دیگر نمائندوں نے کی۔ ریلی میں بڑی تعداد میں اساتذہ نے شریک ہو کر اپنے مطالبات کے حق میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔مظاہرے کے شرکاء نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں گزشتہ پانچ ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی، جس کے باعث گھریلو حالات بری طرح متاثر ہورہے ہیں اور اساتذہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹریژری حکام فنڈز کی عدم موجودگی کا بہانہ بنا کر تنخواہوں کی ادائیگی سے مسلسل انکار کررہے ہیں، جو کہ نہ صرف ناانصافی ہے بلکہ تعلیمی عمل کو بھی نقصان پہنچا رہی ہے۔احتجاجی اساتذہ نے حکومتِ سندھ اور محکمہ تعلیم سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہوں کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے تاکہ اساتذہ میں پھیلی بےچینی ختم ہوسکے۔
اساتذہ رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات کو فوری طور پر پورا نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کر دیا جائے گا اور صوبائی سطح پر بھی احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔اساتذہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے اور کسی بھی دباؤ یا تاخیر کو قبول نہیں کریں گے۔