سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)اندرونِ سندھ میں سردی کی شدت میں مسلسل اضافہ
سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)اندرونِ سندھ میں سردی کی شدت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جبکہ سکھر اور گرد و نواح کے علاقوں میں ٹھنڈی ہواؤں اور دھند نے موسم کو مزید سرد بنا دیا ہے۔ شہر بھر میں صبح اور رات کے اوقات میں پڑنے والی گھنی دھند کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ قومی شاہراہوں پر حدِ نگاہ کم ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔تفصیلات کے مطابق، سردی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی سکھر شہر کے مختلف علاقوں میں دھند کی لپیٹ کے سبب شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ قومی شاہراہ پر ڈرائیور حضرات دھند کے باعث رفتار کم رکھنے پر مجبور ہیں، جبکہ موٹر وے پولیس کی جانب سے شدید دھند کے دوران احتیاطی ہدایات جاری کرتے ہوئے ڈرائیورز کو غیر ضروری سفر سے گریز اور محفوظ مقامات پر موجود رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔شدید سردی کے باعث گرم ملبوسات کی خریداری میں اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث لنڈا بازار سمیت گرم کپڑوں کی دکانوں پر شہریوں کا رش بڑھ گیا ہے۔ دوسری جانب، گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ شہر کے متعدد علاقوں میں گیس پریشر میں کمی اور طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کے باعث گھریلو صارفین پریشان ہیں۔سردی میں اضافے کے ساتھ ہی شہریوں نے متبادل ایندھن کا رخ کر لیا ہے، جس کے باعث کوئلہ اور لکڑی کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ بڑھتی ہوئی طلب کے پیشِ نظر ان اشیاء کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت گیس کی فراہمی کو یقینی بنائے اور شہر کی اہم شاہراہوں پر دھند کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔