November 17, 2026

اسلام آباد(راجہ نورالہی عاطف سے ) سابق وفاقی وزیرحکومت پاکستان قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے علامہ محمد اقبالؒ علوم و فنون کے میدان میں یکتا تھے

IMG-20251127-WA0352

اسلام آباد(راجہ نورالہی عاطف سے ) سابق وفاقی وزیرحکومت پاکستان قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے علامہ محمد اقبالؒ علوم و فنون کے میدان میں یکتا تھے۔ ان کے افکارآج بھی معاشرتی ترقی کے لیے مشعل راہ ہیں۔ فلسفی کی باتیں دل میں اترتی ہیں۔ ہمیں اپنی کمزوریوں کا ادراک کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے نیشنل بک فاونڈیشن پاکستان کے قومی کتاب میلہ میں” فکرِ اقبال، عصر حاضر کے تناظر میں“کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس کی صدارت عالمی شہرت یافتہ ماہر اقبالیات جلیل عالی نے کی ۔سیمینار کا اہتمام مائی بھاگی ہال ، لوک ورثہ اسلام آباد میں کیا گیا تھا۔ اظہار خیال کرنے والوں میں ایم ڈی نیشنل بک فاونڈیشن ڈاکٹر کامران جہانگیر ،پروفیسر ڈاکٹرسلیم مظہر، ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم ،پروفیسر آسیہ میر، محمدشکیل بھنڈر اور دیگر شامل تھے ۔قمر الزمان کائرہ نے مزید کہا کہ ہمیں قومی ترقی کا شعور ہونا چاہیے۔ اقبال کا نظریہ ء خودی فکر کی دعوت دیتا ہے۔ فکر سے ترقی کی راہیں ہموار ہوتی ہیں ۔جو قومیں فکر سے دور ہو جائیں ان کی ترقی مسدود ہو جاتی ہے۔حالات کے تناظر میں اقبال کے خیالات ہمیں حرکت و عمل کا پیغام دیتے ہیں۔ ایم ڈی نیشنل بک فاونڈیشن ڈاکٹر کامران جہانگیر نے کہا کہ ہماری زندگی کا مقصد تسخیر کائنات ہے ۔ہمیں فطرت کی طرف سے جو صلاحیتیں عطاءہوئی ہیں انھیں بروئے کار لاتے ہوئے قومی ترقی کے لیے کام کرنا چاہیے۔ ہمارا آنے والا کل آج سے بہتر ہو تو زندگی کا مقصد پورا ہوگا ۔جدید علوم سے استفادہ بہت ضروری ہے۔ فکر اقبال عصر حاضر کے تناظر میں ایسا موضوع ہے جس پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ جلیل عالی نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ،شاعر مشرق کی شاعری کا محور و مرکز سلامتی ،بھائی چارہ اور خودی ہے۔ اقبال ہر دور کے شاعر ہیں۔ عصر حاضر میں ان کے افکار قوم کی توانائی بحال کر رہے ہیں۔ جس طرح اقبال نے ایک خوابیدہ قوم کو بیدار کیا اسی طرح آج ہمیں نوجوانوں کو متحرک کرنا چاہیے۔ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہم اقبال کے افکار کی تفہیم میں کامیاب ہو رہے ہیں ۔پروفیسر ڈاکٹر سلیم مظہر نے کہا کہ پاکستان ترقی کر رہا ہے۔ علامہ اقبال نے ہمیشہ امید کا پیغام دیا۔ ہماری ترقی اسی بات میں مضمر ہے کہ ہم اپنی سوچ کا دھارا مثبت رویوں کی طرف موڑ لیں۔ قوموں کی تقدیر افراد بدلتے ہیں، آج اسی طرح ہمیں آگے بڑھنا ہوگا ۔ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ فکرکی آزادی سے انقلاب برپا ہوتے ہیں۔ علامہ اقبال نے امت مسلمہ کی نظریاتی سرحدوں کا دفاع کیا۔ ان کے افکار کی ضرب کلیمی نے پاک و ہند کے مسلمانوں کی عروق مردہ میں آزادی اور زندگی کی حرارت پیدا کی۔ دنیا بھر میں ان کے افکار سے استفادہ کیا جا رہا ہے ۔محمد شکیل بھنڈر نے اپنی کتاب”علامہ اقبالؒ اور لالہ لاجپت رائے کے سیاسی افکار“ کے حوالے سے اقبال کی شاعرانہ عظمت اور افکار کا تذکرہ کیا ۔پروفیسر آسیہ میر نے نظامت کے دوران اقبال کی شاعری کے مختلف پہلووں کا تذکرہ کرتے ہوئے ،اجتہاد کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک باصلاحیت قوم ہیں۔ ہمیں شعور کے بل بوتے پر آگے بڑھنا چاہیے ۔او پی ایف کالج کے طالب علموں سید حماد رضا گیلانی، روباس عاطف شیخ، جون حسن، عاصم اعظم، سید حسن رضا گیلانی، عثمان افضل اور دیگر نے کلام اقبال پیش کر کے بے پناہ داد حاصل کی۔منصور احمد، معروف دانشور جبار مرزا، ارحم روحان، ذیشان منظور ،ندیم اختر غزالی، زاہد ندیم، سجاد احمد، سلمان سعیدخان اور دیگر مندوبین نے بھی تقریب کو رونق بخشی۔ قومی ترانے کی دھنوں نے تقریب کو ولولہ تازہ عطاءکیا۔