سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)مطالبات کی منظوری اور محنت کشوں کے ساتھ ہونے والی
سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)مطالبات کی منظوری اور محنت کشوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف محکمہ آبپاشی سکھر کے ملازمین کی بڑی تعداد نے پاکستان ورکرز فیڈریشن سندھ ریجن کے جنرل سیکریٹری اور سندھ ایریگیشن ٹریڈ یونین متحدہ فیڈریشن سندھ کے رہنما خادم حسین کھوسو سمیت دیگر یونین رہنماؤں کی قیادت میں ایک احتجاجی ریلی نکالی، جو سکھر بیراج آفس سے شروع ہوکر سکھر بیراج پر احتجاجی مظاہرے کی صورت میں تبدیل ہوگئی۔مظاہرے میں شامل آبپاشی ملازمین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے مطالبات کی فوری منظوری کا مطالبہ کیا۔ یونین رہنماؤں نے اعلان کیا کہ اگر اُن کے جائز مطالبات پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو 8 دسمبر کو ورلڈ بینک کے وفد کی آمد کے موقع پر وفد کے سامنے بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔اس موقع پر خادم حسین کھوسو اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بینک اور چینی کمپنی کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت 80 فیصد ملازمین مقامی افراد میں سے بھرتی کیے جانے تھے، مگر ایچ آر منیجر دھنی بخش چارن مبینہ طور پر لاکھوں روپے لے کر دیگر شہروں کے لوگوں کو بھرتی کر رہا ہے، جو مقامی محکمہ آبپاشی کے ملازمین اور بے روزگار نوجوانوں کے حق پر ڈاکا ڈالنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل مقامی نوجوانوں کے ساتھ سنگین ناانصافی ہے اور کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔رہنماؤں نے سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر غیر مقامی افراد کی بھرتیاں فوری طور پر منسوخ نہ کی گئیں تو احتجاج کا دائرہ سکھر سے بڑھا کر پورے سندھ اور اسلام آباد تک پھیلا دیا جائے گا۔ یونین رہنماؤں نے ورلڈ بینک انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی بھرتیوں کا فوری نوٹس لیا جائے، ایچ آر منیجر دھنی بخش چارن اور دیگر ذمہ داران کو عہدے سے برطرف کیا جائے، اور مقامی بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔