November 17, 2026

شہرِ اقبال کا مکیں تحریر پروفیسر عبدالرزاق ث

IMG-20251124-WA0115

شہرِ اقبال کا مکیں
تحریر پروفیسر عبدالرزاق ث
کچھ عرصہ قبل نومبر کے آخری ایام چل رہے تھے کہ ایک روز مجھے وٹس ایپ پر ایک پیغام in موصول ہوا کہ “میں آپ کو ایک مردِ پیر سےملوانا چاہتا ہوں,آپ کی کیا مصروفیات چل رہی ہیں؟”
میں نے اپنی کالج اور اکیڈمی کی مصروفیات کا بتایا اور اسی دوران ملاقات کے لیے بھی تیار ہو گیا.
اچھنبے کی بات یہ ہے کہ جن کی طرف سے یہ پیغام موصول ہوا ان سے ارضی قربت کے باوجود زندگی میں کبھی کوئی ملاقات نہیں ہوئی تھی صرف سوشل میڈیاپہ ہی ایک دوسرے کو دیکھ رکھا تھا اور اس سے بڑی حیرانی کی بات کہ روزانہ ان کے گھر کے سامنے سے گزر کرکالج جانا ہوتاتھا.
میرا تجسس بڑھا اور میں نے دوسرے ہی روز ملاقات کا کہ دیا اور اپنے گھر سے کالج جاتے ہوے راستے میں ان کے بتاے ہوے پتے پر پہنچ کر رابطہ کیا تو موصوف مجھے لینے کو آگئے.
مجھے ایک ایسے خوب صورت گھر میں لےجایا گیا جس کے سامنے سے میں روز گزرتا تھا.
بعد میں معلوم ہوا کہ یہ گھر اسسٹنٹ کمشنرصاحب کا ہے.
اس گھر میں داخل ہوے تو دو کمرے گزر کر قدرے پر سکون کمرے میں آگئے جہاں ساٹھ سے ستر سال کے ایک سنجیدہ,بارعب اور نہایت ہی متوازن شخصیت کے حامل ایک صاحب تشریف فرماتھے.کمرے میں داخل ہوتے ہی وہ کھڑے ہوے اور بڑے تپاک سے ملے.مزاج پرسی کے بعد کچھ دیر سکوت رہا.
اس سکوت کو اس نوجوان کی تعارفی گفتگو نے توڑا.
میرے اس محسن نے تعارف کرواتے ہوے بتایا کہ یہ ڈاکٹر جنید اقبال قریشی ہیں.ایگریکلچرل یونیورسٹی فیصل آباد میں زوالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ایچ.او.ڈی. کے عہدے سے ریٹارئرہوے ہیں.
خود اولڈ راوین یعنی گورنمنٹ کالج لاہور کے فارغ التحصیل ہیں.ساری عمر درس و تدریس میں گزری ہے,میری خوش قسمتی کہ ڈاکٹر صاحب میری درخواست پر یہاں تشریف لاے.”

ڈاکٹر صاحب سے میرا تعارف بھی اسی نوجوان نے کروایا اور خانقاہ کے ساتھ ساتھ میری تدریسی مصروفیات کے بارے میں بھی بتایا.

گفتگو کا آغاز اقبال کے اس شعر سے ہوا جو اب بھی میرے ذہن پر نقش ہے.

نہ اٹھا پھر کوئی رومی عجم کے لالہ زاروں سے
وہی آب و گل ایراں ، وہی تبریز ہے ساقی

گفتگو شروع ہوئی جس نےچلتے چلتے روحانیت کا رخ کیا.
ڈاکٹر صاحب کی گفتگو مکمل طور پرعلمی اور تحقیقی تھی.ان کا اندازِ گفتگو بہت سحر انگیز تھا.قریباً دو گھنٹے کی اس نشست میں وقت گزرنے کا احساس بھی نہ ہوا.
ڈاکٹر صاحب کی گفتگو میں اقبال کو مرکزی حیثیت حاصل رہی.بات کہیں سےبھی شروع ہوتی تان اقبال پہ ہی آکر ٹوٹتی.
گفتگو سے اندازہ ہوا کہ ڈاکٹر صاحب نے اقبال کا بغور مطالعہ کر رکھا ہے.
اسی دوران اس نوجوان نے یہ بتا کر حیرت میں اضافہ کیا کہ ڈاکٹر صاحب کا تعلق بھی شہرِ اقبال سے ہے.

ڈاکٹر صاحب سے مل کر جو بات میں نے محسوس کی کہ خاصے متمول گھرانے سے تعلق ہونے کے باوجود طبیعت میں تصنع یا روکھا پن کہیں نام کو نہیں.
کینیڈا میں مقیم معروف ماہرِ نفسیات ڈاکٹر انجم اقبال ,ڈاکٹر صاحب کے ہی فرزند ہیں.
ڈاکٹر صاحب بھی ہر سال اپنے بیٹے کے پاس کینیڈا تشریف لے جاتے ہیں.
.
ان کی گفتگو روحانیت کے گرد گھومتی رہی لیکن اس دوران انہوں نے ملائیت اور نام نہاد صوفی ازم کو بھی آڑےہاتھوں لیا.
ڈاکٹر صاحب کا تصورِ پیشوائیت دنیا سے ذرا ہٹ کر تھا.
ان کی گفتگو کے کچھ حصوں سے مجھے اختلاف بھی تھا لیکن ان کے دل کش اندازِ گفتگو نے مجھے اس دوران انہیں روک کر اپنی بات کرنے سے مانع رکھا.

میں چاہوں گا کہ ڈاکٹر صاحب کی تحریر سے ایک اقتباس پیش کروں تاکہ آپ لوگ ان کے فرمودات سے مستفید ہوسکیں.
اپنے ایک شذرے “راہنما کی تلاش” کے 17ویں حصے میں رقم طراز ہیں کہ”
“انسانی شعور کا ارتقاء عبادات و ریاضات اور رسومات و روایات کی پابندی سے ممکن نہیں ہوتا بلکہ فکر و تفکر اور غور و تدبر کی خو اپنانے سے ہوتا ھے لیکن مذہبی پیشوائیت نے ہمیشہ محض عبادات و ریاضات اور رسومات و روایات کی پابندی پر زور دیا ہے جو مذہب کا خاصا ہے جبکہ فکر و تفکر اور غور و تدبر جس سے تازہ اور تخلیقی سوچ جنم لیتی ہے اور جو دین کی حقیقی روح ہے اس سے لوگوں کو دور رکھنے کے لیے اس نے ارتداد کا مسئلہ گھڑ رکھا ھے۔ گویا مذہبی پیشوائیت نے لوگوں میں مذہبی رحجان کو ضرورت سے زیادہ بڑھاوا دے کر انھیں محض مقلد’ تقلید پرست اور مذہبی جنونی بنا کر رکھ دیا ھے جس کا نتیجہ ھم سب کے سامنے ھے۔
اسلام کے تمام ارکان جن کا تعلق اسلام کے مذہبی حصے سے ھے ان کی مذہبی پیشوائیت کی ہدایت کے مطابق پابندی تو ہو رہی ہے لیکن اسلام کے سب سے اہم اور ضروری ترین رکن جس کا تعلق اسلام کے دینی جزو سے ہے اس سے انتہائی روگردانی اختیار کی گئی ھے۔ حیرت کی بات تو یہ ہے کہ اسلام کے اس ضروری اور اہم ترین رکن کو جو غور و تفکر اور فکر و تدبر کا رویہ اپنانے سے متعلق ہے اسے اسلام کا رکن ھی قرار نہیں دیا گیا۔یہ بات قرآن حکیم کی رو سے حقیقی اسلام سے دوری کی غماز ھے۔ کیا قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے جابجا غور و تفکر کرنے پر زور نہیں دیا۔ قرآن میں نماز و روزہ اور قربانی و حج کی پابندی کے حوالے سے جو آیات آئی ہیں ان کی تعداد ڈھائی سو کے لگ بھگ ہے جبکہ اکیلے غور و تفکر اور فکر و تدبر پر زور دیتی ہوئی آیات کی تعداد ساڑھے سات سو سے متجاوز ھے۔ اس سے آپ اندازہ لگا لیں کہ حقیقی اسلام سے کتنا صرف نظر کیا گیا ھے۔
مسلمانوں کی صدیوں سے جاری زبوں حالی آخر ایسے ھی تو نہیں ہوئی۔ حقیقت یہ ھے کہ روح اسلام جو بیش تر اسلام کے دینی حصے پر مشتمل ہے وہ تو اہل مغرب ہم سے اچک کر لے گئے اور ہم ملائیت کی راہنمائی میں صرف اسلام کے مذہبی حصے تک محدود ہو کر رہ گئے۔ چنانچہ حضرت علامہ بہ تآسف یہ کہنے پر مجبور ہوئے کہ

لے گئے تتلیث کے فرزند میراث خلیل
خشت بنیاد کلیسا بن گئی خاک حجاز”

یہاں پر ذرا رکیے اس نوجوان کا تعارف تو کرواتا چلوں جس نے اس خوب صورت نشست کا اہتمام کیا اور بڑی اپنائیت سے مجھے ان سے ملوایا.
وہ نوجوان احمد علی منصور تھا.
منصور عمر میں تو شاید مجھ سے کئی برس چھوٹاہے لیکن اس کی سوچ,تدبر,فکر اور فراست بڑے بڑوں سے بڑی ہے.
ایسے کہ لیں کہ وہ اپنی عمر سے کہیں بڑا ہے.
مذہبی پیشواوں کی پیشوائی سے خاصا نالاں رہنے والا یہ جوان اپنی دنیا کا سکندر ہے.

ڈاکٹر صاحب کی گفتگو جاری ہی تھی کہ اچانک مجھے یاد آیا کہ میں گھر سے کچھ ضروری سامان لینے کو نکلا تھا کیوں کہ دوسرے ہی روز کچھ اک ضروری کام سے شہر سے دور جانا تھا
ناچاہتے ہوے بھی اجازت لینا پڑی.
دوسرے روز منصور نے کال کر کے کہا کہ ڈاکٹر صاحب آپ کے پاس تشریف لانا چاہتے ہیں لیکن شومئی قسمت کہ اس وقت میں اپنے گھر اور شہر سے آٹھ سو کلو میٹر دور پہنچ چکا تھا۔
کئی برس بیت گئے لیکن اس ملاقات کے گہرے نقوش آج بھی دل و دماغ پر ثبت ہیں.