November 17, 2026

بالآخر کہکشاں حیدر بھی انجام کو پہنچیں۔۔۔۔ آپ نے الطاف حسین کا نام سنا ہو گا… مگر ہم نے تو الطاف بھائی کو جھیلا ہے۔۔۔

FB_IMG_1763777055536

بالآخر کہکشاں حیدر بھی انجام کو پہنچیں۔۔۔۔
آپ نے الطاف حسین کا نام سنا ہو گا… مگر ہم نے تو الطاف بھائی کو جھیلا ہے۔۔۔
نوے کی دہائی کی وہ سیاہ و سفید کہانی ہم نے اپنی آنکھوں سے دیکھی ہے۔۔۔فہیم کمانڈو سے نعیم شری تک، فاروق دادا سے صولت مرزا تک، وہ سب ہمارے لیے کسی افسانے کے کردار نہیں تھے، ہم انہیں جانتے تھے،اور انہیں اپنے آس پاس بھگتتے تھے۔۔۔۔
ماڈل کالونی کے مہران ڈیپو کے قریب فہیم کمانڈو کی بہن رہا کرتیں اور اکثر 125 پر آتے جاتے سفید کاٹن والے کمانڈو سے آمنا سامنا ہوجاتا۔۔۔۔
ہماری زندگی کا دھارا بھی کچھ ایسا تھا کہ واقعات اور حادثات ایک دوسرے میں گم ہوتے چلے گئے۔۔۔۔
یکم یا 2 اگست 1995 کی رات تھی میں اپنے چچا کے ساتھ کراچی ایئرپورٹ سے اسلام آباد کی فلائٹ لیکر جارہا تھا کیونکہ دادا جان کافی بیمار تھے، رات بھر ملیر میں فائرنگ کی گونج سنائی دیتی رہی ماڈل کالونی کے قبرستان سے ایئرپورٹ مڑنے لگے تو گاڑیاں روک دی گئیں، غالباً رات کے دو بج چکے تھے
ہمیں بتایا گیا کہ آگے مقابلہ جاری ہے۔ ہمارے دوسرے چچا، جو اس وقت ایک سیکیورٹی ادارے میں تھے، معلومات لے کر لوٹے تو زیرِلب بس اتنا کہا:
“فاروق دادا کا کام اُتر رہا ہے…”
وہ زمانہ آج کی طرح آسان سفر کا نہیں تھا، جیسے آج چیک بک ہوتی ہے، اسی طرح موٹے کاربن پیپرز والا جہاز کا ٹکٹ بنتا تھا،ہم بریف کیس ہاتھ میں لئیے ٹینشن میں پیدل چلنے کو تیار تھے کہ کہیں فلائیٹ مس نا ہوجائے۔۔۔ خیر ہم اسلام آباد پہنچے تو دادا جان شدید بیمار تھے،15 اگست 1995 کو وہ اسی بیماری میں دنیا چھوڑ گئے، اناللہ وانا الیہ راجعون۔۔۔۔جب واپس کراچی آئے تو پتا چلا کہ جس رات ہم ایئرپورٹ جا رہے تھے، اسی رات فاروق دادا مارا گیا تھا
میں نے اپنی عمر کا ایک بڑا حصہ لانڈھی،کورنگی ڈھائ نمبر ڈبل روڈ، مٹکے والی پلیا،شاہ فیصل اور بابر مارکیٹ، بیت الحمزہ کے آس پاس گزارا،اسی کراچی آپریشن (جسکا آفیشل نام آپریشن بلیو فاکس تھا)کے دوران ہم بلدیہ سعید آباد اور چاندنی چوک کے اطراف میں بھی رہے۔۔۔۔ اس وقت حقیقی نئی نئی بنی تھی،لال شیراڈ کی گھن گرج مشہور تھی کلف والا سوٹ اور جینز لڑکوں کی پہچان تھی پھر ایسی سختی آئی کہ کلف اور جینز تک پر پابندی لگا دی گئی۔۔۔۔
رینجرز کا یونیفارم اُس دور میں ہلکے ہرے رنگ کا ہوتا تھا اور شہر پر ایک عجیب خاموش دہشت طاری رہتی تھی روزانہ کا اسکور پوچھا جاتا تھا کہ آج کا کیا اسکور ہے؟؟
پھر وقت نے کروٹ لی،متحدہ حکومت میں آئی اور اتنی طاقتور ہوئی کہ الطاف حسین گھنٹوں ٹن ہوکر ٹی وی چینلز پر بیٹھ کر بولتے رہتے۔۔۔جی ہاں اسی اے آر وائ اور جیو وغیرہ پر صرف بھائ چلا کرتے مجال ہے کوئی ڈرامہ یا خبرنامہ درمیان میں آ جائے۔۔۔۔
اس خطاب کو پوری قوم سانس روک کر سنتی اور چینلز سرِتسلیم خم کیے پڑے رہتے۔۔۔
ایک بار نائن زیرو میں افطاری رکھی گئی،ہمیں مولانا اسد دیوبندی بلاتے تھے،بڑے سادہ، محبت کرنے والے بزرگ نجانے اب کہاں گئے؟؟بہت اصرار کیا کہ
“آفتاب بھائی ضرور آنا ہے!”
ہم پہنچے تو گراؤنڈ کھچا کھچ بھرا ہوا تھا فاروق ستار کے ہاتھ میں مائیک تھا، بار بار الطاف حسین سے درخواست کرتے کہ
“بھائی اذان ہو گئی ہے، افطار کر لیں؟؟؟”
مگر دوسری طرف الطاف حسین کا فرمان
“نہیں، ہمارے ہاں تو ابھی نہیں ہوئی۔”🤣🤣🤣
ادھر وفاقی وزرا، علما، بیوروکریٹ، سب خاموش بیٹھے تھے رحمن ملک، اس وقت وزیرداخلہ، مسکراتے ہوئے سرجھکا کر فاروق بھائی کی بے بسی پر مزے لیتے رہے۔۔۔
کسی میں جرات نہ تھی کہ کھجور منہ میں ڈال لے ایسا خوف طاری تھا کہ جیسے سانس بھی بھائ کی اجازت سے لی جارہی ہو۔۔۔
ہم نے چپکے سے سر جھکا کر کھجور منہ میں ڈال لی،واپسی پر مولانا اسد سے بس اتنا کہا:
“خدا کا واسطہ، رمضان میں دوبارہ نہ بلائیے گا…”
ایم کیو ایم نے اپنے ہزاروں کارکنوں کی قربانی دے کر، انہیں موت کی بھینٹ چڑھا کر طاقت اور حکومت حاصل کی مگر طاقت کبھی دائمی نہیں رہتی۔۔۔
آج الطاف حسین ایک مذاق، اور ایک ماضی کا داغ بن کر رہ گیا ہے۔۔۔
آج کہکشاں حیدر کی خبر دیکھی جو علماء تک کی سپاریاں دیا کرتی،جو کراچی کی تباہی میں ایک مکمل سہولت کار تھی، وہ بھی آج بالآخر امریکی عدالت سے سزا پا کر اپنے انجام کو پہنچی۔۔
ریاستی اداروں کو اپنے مخالفین کے خلاف استعمال کرنے والوں کا انجام بہت بھیانک ہوتا۔۔۔ وقت بدلتا ہے، اور جب وقت بدلتا ہے تو سب کچھ بدل جاتا ہے۔۔۔میں نے اپنی آنکھوں سے انڈر ورلڈ ڈان شعیب خان کا عروج و زوال دیکھا،ابراہیم بھولو والے کام کے بعد جب برائ آئ تو کراچی کو چلانے والا شعیب خان سینٹرل میں چیخیں مارتا کتنی بے بسی سے مرا یہ ایک مستقل عبرتناک کہانی ہے۔۔۔۔
ذیشان کاظمی جیسے افسر کو علی سنارا کے لڑکوں سے مروانے والا شعیب خان ہی تھا،علی سنارا نے میرے ساتھ جیل کاٹی اور اسی دور میں صدر پاکستان آصف علی زرداری بھی سینٹرل میں تھے،میں جیل ہی میں تھا کہ علی سنارا رہا ہوا اور میں جیل ہی میں تھا کہ علی سنارا باہر مارا بھی گیا۔۔۔۔
علی سنارا وہ بندہ تھا کہ جسکے چکر میں مرتضی بھٹو جیسا طاقتور بندہ اپنی ہی بہن بے نظیر بھٹو کے وزیراعظم ہوتے ہوئے مارا گیا۔۔۔۔
اگر کسی کو گمان ہے کہ کسی “سیٹنگ” میں ہونے سے اسکے گناہ چھپ جائیں گے تو وہ محض خام خیالی ہے۔۔۔
سیٹنگ میں تو عمران خان بھی تھا، سیٹنگ میں سعد رضوی بھی تھا۔
آج ایک اڈیالہ میں ہے اور دوسرے کا کہیں سراغ تک نہیں۔۔۔۔
بلکہ سب چھوڑیں خود پاکستان کی سب سے بڑی سیٹنگ اور سیاہ و سفید کے مالک فیض حمید آج کہاں ہیں؟؟؟
طاقت؟ بادشاہی؟ اختیار؟
یہ سب صرف اللہ تعالی کا ہے اور صرف اسی کا رہتا ہے۔
الطاف حسین عجیب وہمی انسان تھے ایک امت اخبار کو چھوڑ کر اگر کوئی مقامی رپورٹر ان پر تنقید کرتا تو کراچی میں اس کا جینا دوبھر کردیتے۔۔۔۔
لیکن تب بھی کچھ پاگل ایسے تھے کہ جنہوں نے اس وقت کے الطاف بھائ کو بھی منہ دیا۔۔۔۔
اور الطاف بھائ نے مفتی نعیم صاحب کو فون کرکے شکایت لگائ۔۔۔۔الطاف حسین مفتی صاحب کو مفتی بھائ کہا کرتے تھے۔۔۔
شائد آپ نے 12 مئی سنا ہو؟
اس کی اپنی پوری تاریخ ہے،آج یہ راز راز نہیں رہا کہ مشرف کے خلاف افتخار چوہدری والی تحریک کس نے لانچ کی تھی؟؟
آج نا مشرف ہے اور نا ہی ایم کیو ایم۔۔۔۔
ہم جیسے لوگوں کو اکثر چند نئے رنگروٹوں کی وجہ سے اپنی حب الوطنی بھی زخم دکھا دکھا کر ثابت کرنا پڑتی ہے حالانکہ ہم پاکستانیت کی بات کسی مجبوری یا خوف سے نہیں کرتے بلکہ یہ دل سے ہے۔۔۔۔
نجانے کب کوئ ہمیں بھی سمجھے گا؟؟؟
اللہ ہمیں اپنے دین، اپنے ملک اور اپنی قوم سے سچا اور مخلص رکھے۔
آمین
پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔۔۔۔