November 17, 2026

خوشاب کا ادبی اور ثقافتی پس منظر خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

IMG-20250912-WA0214(33)

خوشاب کا ادبی اور ثقافتی پس منظر

خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

خوشاب، دریائے جہلم کے کنارے آباد یہ خطہ محض جغرافیائی حیثیت نہیں رکھتا بلکہ اپنی تہذیبی وسعت، ادبی روایت، روحانی ماحول اور ثقافتی رنگوں کے باعث ایک بھرپور داستان ہے۔ یہ علاقہ تاریخ کے کئی ادوار سے گزرا، ہر دور نے اس کی مٹی میں نیا رنگ بھرا، نئی خوشبو رچی اور نئے زاویے پیدا کیے۔ خوشاب آج بھی پنجاب کی اُن چند دھرتیوں میں شمار ہوتا ہے جہاں روایت اور جدیدیت ساتھ ساتھ سفر کرتی ہیں، جہاں لوک گیتوں کی تانوں میں صدیوں کی فکری گہرائی پوشیدہ ہے اور جہاں جدید ادبی تحریکیں بھی پوری توانائی کے ساتھ نمو پا رہی ہیں۔ تھل کے معروف تاریخ دان راجہ حاجی احمد حیات آف جمالی بلوچاں نے ایک مرتبہ راقم الحروف (راجہ نورالہی عاطف ) کو خصوصی نشست کے دوران بتایا تھا کہ خوشاب کی تہذیب کا آغاز اُس وقت سے ہوتا ہے جب یہ خطہ وادیِ جہلم کی قدیم گزرگاہوں کا حصہ تھا۔ ایران، کشمیر، گندھارا، وسطی ایشیا اور پنجاب کی مختلف تہذیبوں نے یہاں قیام کیا، تجارت کی، آبادیاں بنائیں اور یوں خوشاب ایک تہذیبی مرکز کی صورت اختیار کر گیا۔
یہی وجہ ہے کہ آج بھی یہاں کے باسیوں کی بولی، رہن سہن، لباس اور روزمرہ گفتگو میں قدیم روایتوں کے عکس دکھائی دیتے ہیں۔ دیہی زندگی کے رنگ، جوش و خروش اور اجتماعی قوتِ عمل اس علاقے کی خاص پہچان ہیں۔
خوشاب صوفیاء و مشائخ کی سرزمین ہے۔ یہاں کا خانقاہی مزاج ہمیشہ انسانیت، محبت، امن اور رواداری کی تعلیم دیتا رہا ہے۔ مقامی صوفیاء نے نہ صرف اس خطے کے اخلاقی نظام کی بنیادیں مضبوط کیں بلکہ ادب میں بھی روحانی رنگ شامل کیا۔
درباروں، آستانوں اور محفلوں میں پڑھے جانے والے کلام نے اس علاقے کے لوگوں میں فکری نرمی، جذبۂ انسان دوستی اور فنونِ لطیفہ کی محبت کو بڑھایا۔ یہی صوفیانہ ورثہ بعد میں شاعری اور مقامی گیتوں کا بنیادی محرک بنا۔
خوشاب کا لوک ادب بہت گہرا، رنگین اور تخلیقی بنیادوں پر استوار ہے۔ جھومر، دھمال، ماہیا، ڈھولکی کے گیت، موسموں کے دوہے، کھیتوں کے راگ اور شادی بیاہ کے لوک بول اس خطے کے ادبی ورثے کی جان ہیں۔
وقت کے ساتھ ساتھ یہاں کے شعراء نے جدید فکر اور تکنیک کو بھی قبول کیا۔ خوشاب کی نئی ادبی نسل نے آزاد نظم، غزل، نثر، تنقید اور تحقیق میں اپنی پہچان بنائی۔ کئی لکھاریوں نے قومی سطح پر بھی نمایاں مقام حاصل کیا اور خوشاب کی ادبی شناخت کو وسیع تر دائرے تک پہنچایا۔
خوشاب کی ثقافت کا سب سے روشن پہلو اس کے میلے اور میل ملاپ کی روایت ہے۔
سون سکیسر کی پہاڑیاں،
اوچھالی اور کھبیکی جھیلوں کے کنارے،دریا کے اطراف بسی آبادیوں کے رسم و رواج۔
یہ سب خوشاب کی ثقافتی کہانی کے اہم کردار ہیں۔
دیہی میلوں میں نیزہ بازی، کبڈی، بیل گاڑی دوڑ، گھڑسواری، پہلوانی، نعت خوانی اور قوالی کی محفلیں صدیوں سے اس دھرتی کے مزاج کا حصہ رہی ہیں۔
یہ ثقافت آج بھی نہ صرف برقرار ہے بلکہ ترقی کے اس دور میں مزید خوبصورتی کے ساتھ سامنے آ رہی ہے۔
ادبی انجمنیں، بزمِ شعراء، بک کلبز، سرکاری و نجی کالجز، اور مقامی اخبارات نے ہمیشہ خوشاب کے ادب کو پروان چڑھایا۔کتابی میلوں، مزاحیہ مشاعروں، سنجیدہ ادبی نشستوں اور سیمینارز نے یہاں کے نوجوانوں میں لکھنے کا رجحان پیدا کیا۔صحافت نے بھی ادبی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ خوشاب سے تعلق رکھنے والے کئی صحافیوں نے قومی سطح پر شہرت حاصل کی اور اپنے قلم کے ذریعے ضلع کی ادبی و ثقافتی شناخت کو مضبوط بنایا۔
آج خوشاب کی نئی نسل نہ صرف روایتی ادب میں دلچسپی رکھتی ہے بلکہ جدید میڈیا، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور آن لائن لٹریچر کے ذریعے بھی اپنی آواز دنیا تک پہنچا رہی ہے۔
یہ نوجوان تحقیق، کالم نویسی، افسانہ نگاری، سفرنامہ نگاری، شاعری اور بلاگنگ میں بھرپور جذبے کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ خوشاب کا ادبی مستقبل پہلے سے زیادہ روشن اور توانا ہو چکا ہے۔
اگر خوشاب کی ادبی و ثقافتی تاریخ کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ خطہ ہمیشہ توازن اور ہم آہنگی کا مظہر رہا ہے۔یہاں روایت بھی زندہ ہے، جدیدیت بھی رواں ہے۔
یہ دھرتی شاعری بھی تخلیق کرتی ہے، تحقیق بھی جنم دیتی ہے، اور ثقافتی رنگوں سے بھی مالا مال ہے۔
خوشاب کا ادبی اور ثقافتی پس منظر صرف ماضی کی وراثت نہیں بلکہ آج کا زندہ حوالہ ہے۔یہ مٹی تخلیق، محبت، رواداری اور تہذیب کی امین ہے۔
یہاں کی کہانیاں، گیت، شعری آوازیں اور ثقافتی سرگرمیاں نہ صرف اس خطے کے جوش و جذبے کی عکاس ہیں بلکہ آنے والے وقتوں کا روشن سفر بھی ہیں۔خوشاب آج بھی ایک ایسی سرزمین ہے جہاں قلم کبھی رکنے نہیں پاتا اور جہاں ثقافت کا چراغ ہمیشہ روشن رہتا ہے۔