November 17, 2026

ستائیس ویں آئینی ترمیم کے خلاف ملک گیر احتجاج — جیکب آباد میں مجلس وحدت مسلمین کا بھرپور مظاہرہ۔۔۔

IMG-20251114-WA0257

ستائیس ویں آئینی ترمیم کے خلاف ملک گیر احتجاج — جیکب آباد میں مجلس وحدت مسلمین کا بھرپور مظاہرہ۔۔۔
عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈال کر جعلی مینڈیٹ مسلط کرنے والے عناصر اپنی کرپشن اور لاقانونیت کو تاحیات تحفظ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ آئینی ترمیم ایک ایسے وقت میں پارلیمنٹ سے منظور کی گئی جب قائدِ حزبِ اختلاف موجود ہی نہیں تھے۔ رات کی تاریکی میں چوروں کی طرح آئینی ترمیم کر کے سپریم کورٹ کے اختیارات چھینے گئے، جس سے عدلیہ انتظامیہ کے ماتحت ہو جائے گی۔ علامہ مقصود علی ڈومکی کا خطاب

جیکب آباد (اے جی بلوچ) 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف ملک بھر میں منعقد ہونے والے یومِ احتجاج کے سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین ضلع جیکب آباد کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ مظاہرے میں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور آئین شکنی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم پاکستان کی جمہوریت اور آئین پر کھلا حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ “قائداعظم محمد علی جناح نے جمہوری جدوجہد کے ذریعے یہ وطن حاصل کیا۔ یہ ملک کوئی مفتوحہ علاقہ نہیں بلکہ ایک آزاد قوم کا آزاد وطن ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈال کر جعلی مینڈیٹ مسلط کرنے والے عناصر اپنی کرپشن اور لاقانونیت کو تاحیات تحفظ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ آئینی ترمیم ایک ایسے وقت میں پارلیمنٹ سے منظور کی گئی جب قائدِ حزبِ اختلاف موجود ہی نہیں تھے۔ رات کی تاریکی میں چوروں کی طرح آئینی ترمیم کر کے سپریم کورٹ کے اختیارات چھینے گئے، جس سے عدلیہ انتظامیہ کے ماتحت ہو جائے گی اور طاقتور مزید طاقتور ہو جائے گا۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج اور دیگر جج صاحبان کے استعفوں کو لاقانونیت کے خلاف اعلانِ جنگ قرار دیا۔

اس موقع پر ضلعی صدر نظیر حسین جعفری نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر پورے ملک میں 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف یومِ احتجاج منایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے پلیٹ فارم سے ہر قسم کی آئین شکنی، الیکشن فراڈ اور لاقانونیت کے خلاف بھرپور جدوجہد جاری رکھیں گے۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر 27 ویں آئینی ترمیم کو پاکستان کی آزادی، عدلیہ اور جمہوریت پر حملہ قرار دیتے ہوئے نعرے درج تھے۔