November 17, 2026

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سکھر میں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے سلطان شاہ اور اس کے بیٹے حبدار شاہ کی نمازِ جنازہ شکارپور

IMG-20251114-WA0238

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سکھر میں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے سلطان شاہ اور اس کے بیٹے حبدار شاہ کی نمازِ جنازہ شکارپور پھاٹک کے قریب ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ میں سلطان شاہ کے ورثاء، رشتہ داروں، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور علاقے کے بڑی تعداد میں مکینوں نے شرکت کی۔ نمازِ جنازہ کی امامت معروف عالمِ دین مولانا ریاض حسین روحانی نے کرائی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز تھانہ سی سیکشن کی حدود میں پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران سلطان شاہ اور اس کے بیٹے حبدار شاہ کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ پولیس کے مطابق سلطان شاہ ایک خطرناک اشتہاری اور خوف و دہشت کی علامت سمجھا جاتا تھا، جس کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے سے زائد مقرر تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان کے خلاف وزارتِ داخلہ کی جانب سے سنگین نوعیت کے مقدمات درج تھے اور وہ مختلف جرائم میں مطلوب تھے۔تاہم دوسری جانب، سلطان شاہ کی ہلاکت سے قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے پولیس کے مؤقف پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ وائرل ویڈیو میں مبینہ طور پر ایسے مناظر دیکھنے میں آئے ہیں جن سے واقعے کی نوعیت پر شبہات پیدا ہو گئے ہیں۔سول سوسائٹی، انسانی حقوق کی تنظیموں اور شہری حلقوں نے اس واقعے کی غیرجانبدار، شفاف اور عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اصل حقائق عوام کے سامنے لائے جا سکیں۔ذرائع کے مطابق، واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی کی فضا برقرار ہے جبکہ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے علاقے میں اضافی نفری تعینات کر دی ہے۔