سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)جماعتِ اصلاح المسلمین سندھ کے صدر قاضی مشہود احمد اور ترجمان ڈاکٹر سعید اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے
سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)جماعتِ اصلاح المسلمین سندھ کے صدر قاضی مشہود احمد اور ترجمان ڈاکٹر سعید اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کی عظیم علمی و روحانی شخصیت حضرت سہنی سائیں رحمۃ اللہ علیہ کا بین الاقوامی سالانہ عرس مبارک رواں سال 22 اور 23 نومبر 2025 (بروز ہفتہ و اتوار) کو درگاہ اللہ آباد شریف، کنڈیارو میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس روحانی اجتماع میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے لاکھوں مریدین اور عقیدتمند شریک ہوں گے۔ عرس مبارک کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا واحد غیر رسمی عرس ہے جو خالصتاً روحانی، علمی اور سماجی بنیادوں پر منعقد کیا جاتا ہے۔عرس کے موقع پر ممتاز علمائے کرام درسِ قرآن، درسِ حدیث، عشقِ مصطفیٰ ﷺ، عظمتِ اہلِ بیت و صحابہ کرامؓ، شانِ اولیائے کرام اور فقہی و روحانی موضوعات پر بیانات دیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ معروف اسکالرز کی جانب سے تعلیم، صحت، تجارت، برداشت، ماحولیاتی تحفظ، شجرکاری اور روڈ سیفٹی جیسے اہم سماجی موضوعات پر لیکچرز بھی دیے جائیں گے۔عرس کے موقع پر زائرین کی خدمت کے لیے مفت میڈیکل کیمپ، بلڈ ڈونیشن کیمپ اور فقہی رہنمائی کیمپ بھی قائم کیے جائیں گے، جہاں ممتاز علمائے کرام زائرین کی شرعی و فقہی رہنمائی کے لیے موجود ہوں گے۔سیکیورٹی کے حوالے سے، جماعت اصلاح المسلمین کے دس ہزار سے زائد خدام چیکنگ، ریسکیو، اور فائر فائٹنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ عرس کے دوران لاکھوں شرکاء اسٹیج سے بسم اللہ کی صدا پر اجتماعی ننگر (لنگر) کا آغاز کرتے ہیں، جس کی مثال دنیا بھر میں نہیں ملتی۔ خواتین کے لیے مکمل پردے اور علیحدہ انتظامات کیے گئے ہیں۔عرس کی تیاریوں کے سلسلے میں ملک بھر کے مختلف شہروں میں وال پوسٹرز، پینا فلیکسز اور دعوتی بینرز آویزاں کیے جا چکے ہیں۔ ملک کے مختلف حصوں میں خلیفہ حضرات، علمائے کرام اور طاہری فقیر وفود کی صورت میں عوام کو عرس میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں۔جماعت کے ترجمان نے مزید کہا کہ سہنی سائیں رحمۃ اللہ علیہ نے ہمیشہ روحانیت کے نام پر گمراہی، تفرقہ بازی، تہمّت پرستی اور غیر اسلامی تحریکات کی مخالفت کی۔ آپ نے اپنی زندگی اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لیے مدارس قائم کیے اور علم و تربیت کے ذریعے اصلاحِ معاشرہ کی جدوجہد کی۔عرس مبارک کے اس موقع پر جماعت اصلاح المسلمین نے تمام عقیدتمندوں اور عاشقانِ اولیاء کو درگاہ اللہ آباد شریف میں شرکت کی دعوت دی ہے تاکہ وہ اس عظیم روحانی اجتماع سے فیضیاب ہوسکیں۔