November 17, 2026

سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی رپورٹ کے مطابق، سیکریٹری صالح محمد صالح جمانی نے دورے کے دوران ورکرز ویلفیئر بورڈ کے دفتر میں ورکرز لیبر یونین کے رہنماؤں محمد شہزاد مغل،

Screenshot_2025-11-12_144640

سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی
رپورٹ کے مطابق، سیکریٹری صالح محمد صالح جمانی نے دورے کے دوران ورکرز ویلفیئر بورڈ کے دفتر میں ورکرز لیبر یونین کے رہنماؤں محمد شہزاد مغل، پرویز شیخ، محمد کامران، محمد اسرار، محمد عرفان کھوسو اور دیگر سے ملاقات کی
رہنماؤں نے بتایا کہ نیو لیبر اسکوائر کالونی میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے، 581 فلیٹس کے الاٹیز بجلی، گیس اور پانی جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ ڈرینیج سسٹم تباہ ہے، صفائی نہ ہونے کی وجہ سے رہائشی گندگی کے عذاب میں مبتلا ہیں۔
مزید انکشاف کیا گیا کہ پانی اور ڈرینیج کی لائنیں جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جبکہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے کرپٹ افسران اور ملازمین کی ملی بھگت سے فلیٹس غیر متعلقہ افراد کو لاکھوں روپے میں فروخت کیے جا چکے ہیں۔
رہنماؤں نے یہ بھی کہا کہ ورکرز ماڈل اسکول کے ترقیاتی کام میں ناقص میٹریل استعمال ہو رہا ہے، دفتر میں 140 ملازمین ہونے کے باوجود بیشتر حاضری نہیں دیتے۔
تعلیم کے حوالے سے بتایا گیا کہ اسکول میں بچوں کو معیاری تعلیم نہیں دی جا رہی، اسکالرشپ فنڈز اور حکومت کی جانب سے دی گئی امدادی رقوم افسران ہڑپ کر لیتے ہیں۔
نیو لیبر اسکوائر کالونی کا شاپنگ سینٹر تاحال غیر فعال ہے، الاٹیز کو کمیونٹی سینٹر اور ہیلتھ سینٹر کی سہولت میسر نہیں، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے راتوں کو اندھیرا چھایا رہتا ہے، جبکہ سیکیورٹی کی ناقص صورتحال کے باعث چوری کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، انتظامی غفلت کے باعث خالی پڑے 443 فلیٹس سے دروازے، کھڑکیاں اور الیکٹرک فٹنگ کا سامان چوری ہو چکا ہے۔
سکھر انڈسٹریل ایریا کے مزدوروں سے فلیٹس کے لیے ڈیمانڈ ڈرافٹ بینک کے ذریعے وصول کیے گئے مگر انہیں تاحال قبضہ نہیں دیا گیا۔ اس ناانصافی کے خلاف ورکرز لیبر یونین نے سندھ ہائی کورٹ بینچ سکھر میں آئینی پٹیشن دائر کر دی ہے۔
شکایات سننے کے بعد سیکریٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ نے زبانی طور پر مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔
بعد ازاں، انہوں نے نیو لیبر اسکوائر کالونی کا گاڑی میں بیٹھ کر معائنہ کیا اور شاپنگ سینٹر، پمپنگ اسٹیشن، واٹر ورکس اسٹیشن، کمیونٹی سینٹر اور مسجد کو دور سے دیکھا
تاہم، ورکرز ماڈل اسکول کے ترقیاتی کام کا تفصیلی جائزہ نہیں لیا۔
میڈیا نمائندگان سے گفتگو سے گریز کرتے ہوئے سیکریٹری نے کہا کہ “نیو لیبر اسکوائر کالونی کے فلیٹس کا معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے، اس لیے میں کوئی بیان نہیں دے سکتا۔”
دوسری جانب، سیکریٹری سے مہران لیبر فیڈریشن پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں راحب علی سمیجو، عرفان علی پنہور اور نور محمد دشتی بلوچ شامل تھے۔ وفد نے ضلع گھوٹکی کے صنعتی مزدوروں کے لیے نیو لیبر اسکوائر کالونی میں فلیٹس کی الاٹمنٹ اور دیگر مزدور مسائل پر مشاورت کی۔