November 17, 2026

*کوئٹہ میگا پروجیکٹس پر کام کرنے والے نان لوکل افراد کی سخت نگرانی کا حکم ،چیک پوسٹوں پر اضافی نفری تعینات، سیکورٹی سخت کرنے کا فیصلہ۔

Screenshot_2025-11-10_125820

*کوئٹہ میگا پروجیکٹس پر کام کرنے والے نان لوکل افراد کی سخت نگرانی کا حکم ،چیک پوسٹوں پر اضافی نفری تعینات، سیکورٹی سخت کرنے کا فیصلہ۔*

*کوئٹہ .کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت کوئٹہ ڈویژن میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی، ایڈیشنل کمشنر آغا سمیع اللہ، اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل سید محمد کلیم، ڈپٹی کمشنر پشین، محکمہ پولیس، اسپیشل برانچ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی۔*

*اجلاس میں ڈپٹی کمشنر چمن اور ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ سمیت دیگر سیکورٹی اداروں کے افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے حصہ لیا۔ کمشنر کوئٹہ نے ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال اور سیکیورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔*

*کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کوآرڈینیشن کمیٹی (DICC) کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کریں تاکہ سیکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنائے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میگا پروجیکٹس پر کام کرنے والے نان لوکل افراد کی نگرانی سخت کی جائے، رات کے اوقات میں ٹرانسپورٹ کی نقل و حرکت محدود کی جائے، چیک پوسٹوں پر اضافی نفری تعینات کی جائے اور دفعہ 144 پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔*

*ڈپٹی کمشنرز نے اجلاس میں بتایا کہ تمام اضلاع میں سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں، چیک پوسٹوں پر نفری میں اضافہ کیا گیا ہے، سنیپ چیکنگ، بلٹ پروف جیکٹس کی فراہمی، اور رات کے اوقات میں غیر ضروری ٹرانسپورٹ پر پابندی جیسے اقدامات جاری ہیں۔ تعلیمی اداروں میں بڑے اجتماعات کے حوالے سے بھی خصوصی حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جب کہ تمام رہائشی ہوٹلوں کی نگرانی کو سخت کرتے ہوئے وہاں مقیم افراد کا ڈیٹا باقاعدگی سے حاصل کیا جا رہا ہے۔*

*اجلاس میں انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان انٹیلیجنس شیئرنگ کو بہتر بنانے، مشترکہ آپریشنز اور فوری معلومات کی فراہمی کے عمل کو مزید فعال بنانے پر بھی زور دیا گیا۔*

*کمشنر کوئٹہ شاہزیب خان کاکڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی ادارے اپنے فرائض کو بہتر انداز میں انجام دیں تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔*

*انہوں نے مزید کہا کہ چیک پوسٹوں پر اہلکاروں کی تعیناتی، بلٹ پروف جیکٹس کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے مزدوروں کے لیے خصوصی سیکیورٹی پلان، اور دفعہ 144 پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سنیپ چیکنگ، گشت میں اضافہ اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے تاکہ امن و امان کی فضا برقرار رہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔*