*ستھرا پنجاب۔۔۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تبدیلی کی نئی لہر*
افضل کھیتران ڈسٹرکٹ بیورو چیف ٹوبہ ٹیک سنگھ
*وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ’’ستھرا پنجاب ویژن‘‘ کے تحت صوبہ بھر میں صفائی، خوبصورتی، اور شہری نظم و ضبط کی بحالی کے لیے جو مہم شروع کی گئی ہے، وہ محض ایک وقتی مہم نہیں بلکہ ایک طویل المدتی وژن کی عملی شکل ہے۔ یہی وژن اب ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی رنگ لا رہا ہے۔گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی ہدایت پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر پیرا فورس میڈم صدف ارشاد کی زیر نگرانی ناجائز تجاوزات کے خلاف ایک بھرپور آپریشن کیا گیا۔ شہر کے مختلف بازاروں، گلیوں اور محلوں میں برسوں سے موجود رکاؤٹوں، پھٹوں، ریڑھیوں اور غیرقانونی ڈھانچوں کو ہٹا دیا گیا۔ کئی دکانداروں کو موقع پر جرمانے بھی کیے گئے۔ یہ سب کچھ محض انتظامی کارروائی نہیں بلکہ ایک واضح پیغام ہے کہ اب شہر کی سڑکیں اور فٹ پاتھ صرف عوام کے لیے ہیں، کسی کے ذاتی قبضے کے لیے نہیں۔میڈم صدف ارشاد کا یہ کہنا بالکل درست ہے کہ تجاوزات شہری زندگی کا ایک خاموش عذاب بن چکی ہیں۔ ان سے نہ صرف ٹریفک جام معمول بن گیا ہے بلکہ پیدل چلنے والوں کے لیے راستے مسدود ہو چکے ہیں۔ ایسے میں اگر حکومت پنجاب نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ’’غیر قانونی تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی‘‘ تو یقیناً یہ اقدام شہری سہولت اور نظم و ضبط کی بحالی کی طرف ایک مضبوط قدم ہے۔ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عوام اور سماجی حلقوں نے بھی اس مہم کو دل کھول کر سراہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر پیرا فورس اسی تسلسل اور عزم کے ساتھ اپنی کارروائیاں جاری رکھے تو شہر کی خوبصورتی بحال ہو سکتی ہے، اور عوامی سہولتوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔یہ حقیقت ہے کہ تجاوزات کا خاتمہ صرف انتظامیہ کا کام نہیں۔ جب تک شہری خود یہ عہد نہیں کرتے کہ وہ فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر قبضہ نہیں کریں گے، تب تک کوئی مہم دیرپا کامیابی حاصل نہیں کر سکتی۔ شہری شعور اور انتظامی عزم، جب دونوں ایک صف میں کھڑے ہو جائیں، تبھی ’’ستھرا پنجاب‘‘ کا خواب شرمندۂ تعبیر ہو گا۔ٹوبہ ٹیک سنگھ کی انتظامیہ، بالخصوص ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ اور میڈم صدف ارشاد کی یہ کوششیں قابلِ تعریف ہیں۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس تسلسل کو برقرار رکھا جائے، تاکہ آنے والے دنوں میں ٹوبہ ٹیک سنگھ صرف ایک صاف ستھرا شہر نہیں بلکہ ایک نظم و ضبط اور شہری شعور کی مثال بن جائے۔*