48

ہونہار پاکستانی سپوت انجینئر راجہ ماجد کا کینیڈا میں منفرد اعزاز

ہونہار پاکستانی سپوت انجینئر راجہ ماجد کا کینیڈا میں منفرد اعزاز

خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

دنیا میں وہی اقوام ترقی کرتی ہیں جو اپنے اہل، محنتی اور ایماندار افراد کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔ انہی باصلاحیت لوگوں کی بدولت نہ صرف ملک کا نام روشن ہوتا ہے بلکہ دنیا کے سامنے ایک مثبت قومی تاثر بھی ابھرتا ہے۔ ضلع خوشاب کی زرخیز دھرتی ہمیشہ سے ایسے ہونہار اور مخلص سپوت پیدا کرتی رہی ہے جنہوں نے اپنی محنت، دیانت اور قابلیت سے نہ صرف اپنے علاقے بلکہ وطن عزیز پاکستان کا نام بین الاقوامی سطح پر سربلند کیا۔ انہی قابلِ فخر شخصیات میں ایک نمایاں نام انجینئر راجہ ماجد کا ہے، جنہیں حال ہی میں کینیڈا میں بطور سٹی آفیسر تعینات ہونے کا منفرد اعزاز حاصل ہوا ہے۔ انجئنیر راجہ ماجد طارق ، کینیڈا میں مقیم نامور ماہر تعلیم پروفیسر راجہ طارق جبیں احمد کے صاحبزادے ، امریکہ میں مقیم سئنیر قانون دان راجہ محمد اشرف حیات اور نیویارک میں مقیم ہردلعزیز سماجی شخصیات راجہ شاہد رضا اور راجہ بہزاد رضا کے کزن ہیں ۔ اللہ تعالیٰ کی ذات والات نے اس فیملی کو کئ حوالوں سے ممتاز مقام عطا کیا ہے۔ انجئنیر راجہ ماجد طارق کا آبائ تعلق ضلع خوشاب کے گاوں بمبول سے ہے۔ آپ یہاں کی معروف راجپوت فیملی کے قابل فخر چشم و چراغ ہیں۔ زمانہ ء طالب علمی ہی سے راجہ ماجد طارق کا شمار نہایت ذہین او فطین طلباء میں ہوتا تھا۔ کچھ عرصہ قبل دورہء پاکستان کے دوران انجئنیر راجہ ماجد طارق نے اپنے آبائ علاقہ راجہ محمد سلیمان ہاوس نورپورتھل پر راقم الحروف (راجہ نورالہی عاطف ) کے ساتھ ایک خصوصی نشست کے دوران اظہارخیال کرتے ہوءے ملک و ملت کا نام روشن کرنے کے عزم صمیم کااظہار کیا تھا۔
انجینئر راجہ ماجد نے اپنے تعلیمی و پیشہ ورانہ سفر کے دوران ہمیشہ لگن، ایمانداری اور فرض شناسی کو اپنا شعار بنایا۔ ان کا شمار اُن نوجوانوں میں ہوتا ہے جنہوں نے کامیابی کا راستہ خلوص نیت، انتھک محنت اور عزمِ صمیم سے تراشا۔ اپنے شعبہ انجینئرنگ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے کئی بین الاقوامی اداروں میں خدمات سرانجام دیں اور جلد ہی اپنے پیشہ ورانہ رویے اور قائدانہ صلاحیتوں کے باعث ممتاز مقام حاصل کر لیا۔
کینیڈا میں ان کی بطور سٹی آفیسر تعیناتی نہ صرف اُن کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ یہ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال بھی ہے کہ اگر نیت صاف ہو اور مقصد بلند، تو دنیا کا کوئی کونا کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتا۔ انجینئر راجہ ماجد طارق اپنی ذمہ داریوں کو محض ایک عہدہ نہیں بلکہ خدمتِ خلق کا موقع سمجھتے ہیں۔ اُن کے نزدیک جدید شہری نظام میں ٹیکنالوجی، شفافیت اور عوامی فلاح کو اولین حیثیت حاصل ہونی چاہیے — یہی وہ سوچ ہے جو ترقی یافتہ معاشروں کی بنیاد بنتی ہے۔
ان کی کامیابی سے نہ صرف اُن کے خاندان اور علاقے کے لوگ خوش ہیں بلکہ پوری پاکستانی کمیونٹی میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سوشل اور عوامی حلقے اس بات پر بجا طور پر فخر محسوس کر رہے ہیں کہ خوشاب جیسے نسبتاً پسماندہ ضلع کا ایک فرزند اب کینیڈا جیسے ترقی یافتہ ملک میں اعلیٰ انتظامی ذمہ داریوں پر فائز ہے۔
ایسے قابل اور محنتی افراد ہمارے نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انجینئر راجہ ماجد نے ثابت کیا ہے کہ محنت، ایمانداری اور علم پر یقین رکھنے والے انسان کے لیے کوئی خواب ناممکن نہیں۔ اُن کی کامیابی اس امر کی روشن دلیل ہے کہ دیانت دار قیادت جہاں بھی جائے، ترقی اور اعتماد کے دروازے خود بخود کھلنے لگتے ہیں۔
آخر میں یہی کہنا بجا ہوگا کہ

> “باصلاحیت لوگ اپنے ملک کے سفیر ہوتے ہیں، اور انجینئر راجہ ماجد انہی میں سے ایک درخشاں ستارہ ہیں”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں