سکھر (بیورورپورٹ. سید نصیر حسین زیدی)سکھر چھوہارا منڈی کے رہائشی میرانی برادری سے تعلق
سکھر (بیورورپورٹ. سید نصیر حسین زیدی)سکھر چھوہارا منڈی کے رہائشی میرانی برادری سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے اپنی سگی شادی شدہ بیٹی پر سسرال اور شوہر کی جانب سے مبینہ ظلم و زیادتیوں، تشدد اور ناانصافیوں کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے دوسری بار احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین میں عائشہ میرانی، اس کے والد عابد علی میرانی اور والدہ شہزادی، مائی اللّٰہ بچائی، وزیراں سمیت اہلِ خانہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اس موقع پر متاثرہ لڑکی عائشہ میرانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تین سال قبل اس کی شادی جہانگیر شیخ سے کی گئی تھی۔ پہلے بھی ہم جہانگیر شیخ کے ظلم و زیادتیوں کے خلاف احتجاج کر کے گئے مگر پولیس نے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جس پر جہانگیر شیخ نے دوبارہ سے میرے والد عابد علی میرانی پر قاتلانہ حملہ کیا جس میں وہ اپنی جان بچا کر بھاگ کر آگئے عائشہ نے مزید بتایا کہ شادی کے ابتدائی دن تو بہتر گزرے مگر کچھ عرصے بعد شوہر نے معمولی باتوں پر بدترین تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔عائشہ میرانی کے مطابق اس کا شوہر جہانگیر شیخ آئس، چرس اور دیگر نشہ آور اشیاء کے استعمال کا عادی ہے، نشے کی حالت میں وہ آئے روز اسے تشدد کا نشانہ بناتا رہا۔ متاثرہ خاتون نے بتایا کہ بیٹی کی پیدائش کے تمام اخراجات بھی اس کے والد نے برداشت کیے، تاہم شوہر کی جانب سے کسی قسم کی مالی یا اخلاقی ذمہ داری ادا نہیں کی گئی۔عائشہ میرانی نے الزام لگایا کہ اب وہ والدین کے گھر مقیم ہے تو شوہر روزانہ دھمکیاں دیتا ہے کہ اگر وہ واپس نہ آئی تو اسے اور اس کے گھر والوں کو جان سے ماردے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ منگل کی صبح ان کے والد عابد علی میرانی جب روزی کمانے کے لیے گھر سے نکلے تو سٹی پوائنٹ کے قریب جہانگیر شیخ نے ان پر سیدھی فائرنگ کی، تاہم وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔عابد علی میرانی نے بتایا کہ اس واقعے کی رپورٹ تھانہ ایئرپورٹ میں درج کروا دی گئی ہے، تاہم اب تک پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔عائشہ میرانی اور اس کے والدین نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیرِاعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے اپیل کی ہے کہ انہیں اور ان کے اہلِ خانہ کو تحفظ فراہم کیا جائے اور جہانگیر شیخ سمیت اس کے اہلِ خانہ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔خاتون نے روتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ مزید زندگی نہیں گزار سکتی اور اسے انصاف و آزادی دی جائے تاکہ وہ اپنی بیٹی کے ساتھ محفوظ زندگی گزار سکے۔