November 17, 2026

گوجرانوالہ(راجہ نورالہی عاطف سے ) ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے کہا ہے کہ طالب علم

IMG-20251109-WA0091

گوجرانوالہ(راجہ نورالہی عاطف سے ) ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے کہا ہے کہ طالب علم ہمارا قومی سرمایہ ہیں۔ شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو ان سے بہت سی توقعات وابستہ تھیں۔ نوجوان گوناگوں صلاحیتوں سے مزین ہوتے ہیں ۔انھیں اقبال کے خواب پرپورا اترنا چاہیے۔ اقبال اپنی ذات میں ایک تحریک اور عمل کا مسلسل پیغام تھے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گورنمنٹ گرایجویٹ کالج برائے خواتین گوجرانوالہ میں تقریب بیاد اقبال سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹرامان اللہ راٹھور،ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم، ادارہ کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر لبنیٰ اخلاق ،پروفیسر گلریزہاشم اور طالبات نے بھی اظہار خیال کیا۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے مزید کہا کہ طالب علموں کے پاس کوئی نہ کوئی نصب العین ضرور ہونا چاہیے۔ نصب العین کے بغیر زندگی میں ربط پیدا نہیں ہو سکتا۔ اقبال کے کلام میں امید اور رجائیت کا درس ملتا ہے ۔انھوں نے طالبات کو تلقین کی کہ وہ اپنے لیے کسی نہ کسی منزل کا تعین ضرور کریں۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ مسلمان وہ ہے جس کا آنے والا کل آج سے بہتر ہو ۔وہی قومیں ستاروں پر کمندیں ڈال سکتی ہیں جو اپنے دست و بازو پر بھروسہ کرتی ہیں۔ ہمیں محنت شاقہ سے کام لینا چاہیے۔ طالب علم کسی بھی معاشرے کے درخشندہ ستارے ہوتے ہیں۔ اساتذہ کرام کو ان کی بھرپور رہنمائی کرنی چاہیے۔ ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر امان اللہ راٹھور نے کہا کہ اقبال کے کلام میں نظریہ خود ی کے بعد سب سے بڑا پیغام نوجوانوں کے لیے ہے۔ نوجوان ہمارے ملک کا گراں قدر سرمایہ ہیں۔ان کی اخلاقی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تعلیمی اداروں کو تربیت گاہ بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کرنے چاہییں ۔ادارہ کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر لبنیٰ اخلاق نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ ہر دور کے شاعر ہیں۔ ان کا کلام ہمیں عمل پر اکساتا ہے کیونکہ زندگی عمل سے بنتی ہے، باتوں سے نہیں ۔محترمہ پروفیسر گلریز ہاشم نے کہا کہ صحن چمن کی آبیاری کے لیے طالبات کو سخت محنت کرنا ہوگی۔ اقبال محنت کے داعی ہیں۔ عمل کا پیغام دیتے ہیں۔ طالبات نے کلام اقبال پیش کیا ۔انگریزی ،اردو تقریروں میں کہا کہ اقبال کے ہاں روحانیت کا پیغام ملتا ہے۔ ہمیں ایک سچے مسلمان کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دینا ہوں گے۔ جن طالبات نے اپنے اقبالیاتی جوہر دکھائے اُن میں ہادیہ ، ماہ نور، صائقہ، ملائکہ ، مریم ، مومنہ، مہوش، علینہ، کنول اور دیگر طالبات شامل تھیں۔ اقبال پر دستاویزی فلم طاہرہ امین نے تیار کی۔ پروفیسر افشاں رضا ، پروفیسر حمیرا ارشاد ، پروفیسر شہناز ندیم، وائس پرنسپل پروفیسر شمع نواز، کو وائس پرنسپل پروفیسر خالد ناصر، پروفیسر شیریں گل، پروفیسر عظمیٰ رضا، پروفیسر عالیہ کلثوم، اور دیگر بھی تقریب کا حصہ تھیں۔ ادارہ کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر لبنیٰ اخلاق نے ادارہ کی طرف سے کمشنر نوید احمد ،ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم اور ڈاکٹر امان اللہ راٹھور کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔ ڈاکٹر علامہ محمداقبال کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ پاکستان زندہ باد کے ولولہ انگیز نعرے سے تقریب اختتام پذیر ہوئی۔بعد از تقریب مہمانان گرامی کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا۔