43

*وزیر زراعت بلوچستان میر علی حسن زہری کا پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس (PIMEC) 2025 کا دورہ

*وزیر زراعت بلوچستان میر علی حسن زہری کا پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس (PIMEC) 2025 کا دورہ
*
کراچی : وزیر زراعت و کوآپریٹوز بلوچستان میر علی حسن زہری نے پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس (PIMEC) 2025 کا ایکسپو سینٹر کراچی میں دورہ کیا۔ ان کی آمد پر پاک بحریہ کے افسران، زرعی محکمہ بلوچستان کے عملے اور دیگر معزز شخصیات نے پرجوش استقبال کیا۔

وزیر زراعت میر علی حسن زہری نے سب سے پہلے وفاقی وزیر برائے میری ٹائم افیئرز جناب جنید انور، پاک بحریہ کے اعلیٰ حکام اور مختلف ممالک سے آئے ہوئے نیول افسران کے ساتھ ظہرانے میں شرکت کی۔ اس موقع پر ملکی و غیر ملکی مہمانوں کے ساتھ پاکستان کے ساحلی و زرعی شعبوں میں سرمایہ کاری، تکنیکی تعاون اور باہمی ترقی کے مواقع پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

بعد ازاں میر علی حسن زہری نے صوبائی وزیر سندہ سید ناصر حسین شاہ کے ہمراہ مختلف ملکی و غیر ملکی اسٹالز کا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے جدید مشینری، زرعی ٹیکنالوجی و تجارت سے متعلق مصنوعات میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

اس دوران وزیر زراعت بلوچستان نے محکمہ زراعت بلوچستان کے اسٹال کا خصوصی طور پر دورہ کیا، جہاں انہیں متعلقہ عملے کی جانب سے محکمہ کی تحقیقی سرگرمیوں، جدید منصوبوں اور زرعی پیداوار میں بہتری کے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اسٹال پر بلوچستان میں تیار کی جانے والی مختلف زرعی مصنوعات اور تحقیقی ماڈلز کو بھی نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔

میر علی حسن زہری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کا زرعی شعبہ تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے، اور محکمہ زراعت کی تحقیق و جدت اس ترقی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے عوام کو دعوت کی کہ وہ PIMEC میں محکمہ زراعت بلوچستان کے اسٹال کا ضرور دورہ کریں تاکہ صوبے میں جاری جدید زرعی ترقیاتی کاموں اور پیداوار سے متعلق آگاہی حاصل کر سکیں۔

وزیر زراعت میر علی حسن زہری نے آخر میں PIMEC کے شاندار انتظامات اور اعلیٰ معیار کی نمائش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بین الاقوامی پروگرام پاکستان کے مثبت تشخص کو دنیا بھر میں اجاگر کرتے ہیں اور ملکی معیشت کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں