166

ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ — عوامی خدمت کا استعارہ خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ — عوامی خدمت کا استعارہ

خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ کا شمار ان سیاستدانوں میں ہوتا ہے جنہوں نے عملی سیاست کو خدمتِ خلق کا ذریعہ بنایا۔ وہ نہ صرف ایک جمہوری سوچ رکھنے والے عوامی نمائندہ ہیں بلکہ ایک دردِ دل رکھنے والے سماجی رہنما بھی ہیں جنہوں نے ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود کو اپنی ترجیحات میں سب سے آگے رکھا۔
ضلع خوشاب کے سرمایہء افتخار سابق ایم این اے ملک محمد احسان اللہ خان ٹوانہ نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز خدمت اور دیانت کے جذبے سے کیا۔ اپنے دور اقتدار میں اپنے حلقہ انتخاب کے مسائل سے بخوبی آگاہ رہتے ہوئے انہوں نے تعلیم، صحت، زراعت اور انفراسٹریکچر کی بہتری کے لیے دن رات جدوجہد کی۔ ان کی سیاست کا محور عوامی خدمت ہے، جس کا عملی ثبوت وہ ترقیاتی منصوبے ہیں جو ان کے دورِ قیادت میں مکمل ہوئے۔
تعلیمی میدان میں ان کی کاوشیں قابلِ صد ستائش و لائق تحسین وآفرین ہیں۔ انہوں نے سرکاری تعلیمی اداروں کے معیار کو بہتر بنانے اور نئی درسگاہوں کے قیام کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ اسی طرح صحت کے شعبے میں دیہی و شہری علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ان کی کوششیں عوامی سطح پر سراہی جا چکی ہیں۔
زراعت سے وابستہ عوام کے لیے انہوں نے جدید طریقۂ کاشت، پانی کی منصفانہ تقسیم اور زرعی سہولیات میں اضافہ کو یقینی بنایا۔ ان کا ماننا ہے کہ کسان معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اور اگر کسان خوشحال ہو تو ملک ترقی کی راہوں پر گامزن ہوتا ہے۔
ملک محمد احسان اللہ خان ٹوانہ نے ہمیشہ رواداری، باہمی احترام اور عوامی اتحاد کو فروغ دیا۔ وہ نوجوان نسل کے لیے امید کا پیغام ہیں۔ ملک محمد احسان اللہ خان ٹوانہ ان کی گفتگو میں وقار، فیصلوں میں اعتدال اور طرزِ سیاست میں بردباری جھلکتی ہے۔ یہی خصوصیات انہیں ایک باوقار سیاسی و سماجی رہنما بناتی ہیں۔ راقم الحروف (راجہ نورالہی عاطف ) نے ان سے میڈیا ٹاک کی نسبت سے متعدد نشستیں کیں۔ ہمیشہ ان کو اجتماعی عوامی تعمیروترقی کےلیے پرعزم پایا ۔ بطور ضلع ناظم خوشاب اور بطور ممبر قومی اسمبلی فخر خوشاب ملک محمد احسان اللہ خان ٹوانہ کی ضلع خوشاب کے عوام کے لیے گرانقدر خدمات ہیں.
ان کی عوامی مقبولیت کا راز یہی خلوصِ نیت اور مستقل مزاجی ہے۔ وہ اقتدار کو خدمت کا ذریعہ سمجھتے ہیں، نہ کہ ذاتی مفاد کا۔ یہی وجہ ہے کہ عوام آج بھی ان پر اعتماد کرتے ہیں اور ان کی قیادت کو ایک رہنمائی کے استعارے کے طور پر دیکھتے ہیں۔
ایکس ناظم ضلع خوشاب و ایکس ایم این اے ملک محمد احسان اللہ خان ٹوانہ کے عوام دوست کاموں کی تفصیل بیان کرنے کے لیے زیر نظر ایک کالم متحمل نہیں ہوسکتا۔ زیر نظر کالم ان کا تحصیل نورپورتھل کے صارفین بجلی کی پریشاں حالی کے ازالے کو فوکس کرنے پر مبنی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 1960 ء کی دہائ میں آدھی کوٹ میں واپڈا کا گرڈ اسٹیشن قائم کیا گیا اور اہلیان تھل کو بجلی کی سہولت کی فراہمی کا آغاز کیا گیا ۔ تحصیل نور پور تھل کو واپڈا سب ڈویژن آفس قائدآباد کے دائرہ اختیار میں شامل کیا گیا ۔ اس طرح سے یہ سب ڈویژن سینکڑوں کلومیٹر پر محیط ہو گیا ۔ چکوال، میانوالی، بھکر اور جھنگ کے اضلاع اس سب ڈویژن کےباونڈری بنے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ واپڈا سب ڈویژن قائدآباد رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑی واپڈا سب ڈویژن بنی۔ چنانچہ عوامی سماجی حلقوں کے مطالبہ پر 2002ء میں نئ سب ڈویژن کے قیام کے لیے کوششوں کاآغاز ہوا۔ دوسری طرف آدھی کوٹ میں صرف گیارہ کے وی کا گرڈاسٹیشن قائم ہونے کی وجہ سے تحصیل نورپورتھل کے صارفین بجلی کو بری طرح کم وولٹیج کامسلہ درپیش تھا جبکہ آئے روز فراہمی بجلی میں توسیع ہورہی تھی۔ چنانچہ اس صورت حال کے تناظر میں کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بری طرح متاثر ہوتی تھی یعنی کبھی بجلی ڈم تو کبھی لووولٹیج کا مسئلہ درپیش تھا ۔ ان مسائل کے ساتھ ساتھ علاقہ تھل کے وسیع و عریض ریگستانوں میں نصب کیے گئے بجلی کے کھمبے موسم گرما میں تیز آندھیوں اور طوفانوں کا مقابلہ کرنے سے قاصر تھے اور یہ پول اکثر اوقات اس موسم میں گر جاتے یا تاریں ٹوٹ جاتیں تو گھنٹوں بجلی کی سپلائی تعطل کا شکار ہو جاتی جس کی وجہ سے صارفین بجلی کی مشکلات میں اور اضافہ ہو جاتا ۔ متعلقہ واپڈا ملازمین دستیاب وسائل کوبروءے کارلا کرسخت تگ ودو کر کے بجلی کی سپلائی بحال کرتے ان کی یہ کوشش بلاشبہ قابل دادہے ۔ تحصیل نور پور تھل کے صارفین بجلی کے کم وولٹیج کے دیرینہ مسلہ کے پیش نظر اس وقت کے ممبرقومی اسمبلی ملک محمد احسان اللہ خان ٹوانہ نے پرخلوص کوششیں شروع کر دیں اور ان کی یہ کوششیں رنگ لائیں۔ موصوف گرڈ اسٹیشن جوڑاکلاں اور گرڈ اسٹیشن مٹھہ ٹوانہ کی منظوری حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔ خطیر لاگت سے ان دونوں گرڈ اسٹیشنز پر کام کا آغاز ہوا۔ ایم این اے ملک محمد احسان اللہ خان ٹوانہ خرابی صحت کی وجہ سے گرڈ اسٹیشن جوڑا کلاں کی افتتاحی تقریب منعقدہ بمقام کاکا چوک میں شرکت نہ کر سکے ان کی نمائندگی ان کے پبلک فورم کے انچارج ملک غضنفروڈھل نے کی۔ اس تقریب میں وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور یوں ایم این اے ملک محمد احسان اللہ خان ٹوانہ نے اہلیان تھل کا یہ دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا ” ۔ واضح رہے کہ گرڈ اسٹیشن جوڑاں کلاں کے باقاعدہ فنکشنل ہو جانے کے بعد جمالی بلوچاں فیڈر بھی چالو ہو گیا ۔ جس کی وجہ سے نورپور تھل کے صارفین بجلی کا دیرینہ کم وولٹیج کا مسئلہ حل ہوا۔ عوامی سماجی حلقوں نے اس عوام دوست اقدام پر ایم این اے ملک محمد احسان اللہ خان ٹوانہ کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔ یاد رہے کہ گرڈ اسٹیشن جوڑا کلاں کے کام کی بروقت تکمیل کے لیے ایم این اے پبلک فورم کے انچارج ملک غضنفروڈھل نے اپنااہم کردار ادا کیا جس پر عوامی سماجی حلقوں نے انہیں بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
ملک محمد احسان اللہ خان ٹوانہ کا نام اس بات کی ضمانت ہے کہ جب نیت صاف اور مقصد خدمت ہو تو سیاست عزت کا باعث بنتی ہے۔ ان کی زندگی اس حقیقت کی روشن مثال ہے کہ عوامی محبت محض وعدوں سے نہیں بلکہ عمل سے جیتی جاتی ہے۔
ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ کی خدمات ہمارے سیاسی و سماجی نظام کے لیے ایک روشن مثال ہیں۔ ان کی عملی سیاست نے یہ ثابت کیا ہے کہ خلوص، ایمانداری اور عوام دوستی ہی وہ بنیادیں ہیں جن پر ایک مضبوط اور ترقی یافتہ معاشرہ تعمیر ہوتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں