51

*جامعہ کراچی اور احسان ٹرسٹ کے مابین طلبہ کے لئے بغیر سود قرضوں کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط*

*جامعہ کراچی اور احسان ٹرسٹ کے مابین طلبہ کے لئے بغیر سود قرضوں کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط*

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی اور احسان ٹرسٹ کے مابین طلبہ کو بغیر سود قرضہ (قرضِ حسنہ) فراہم کرنے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی تقریب پیر کے روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقدہوئی۔مفاہمتی یادداشت پرجامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور جنرل منیجر احسان ٹرسٹ فیاض الرحمن خان نے دستخط کئے۔ اس معاہدے کا مقصد جامعہ کراچی اور احسان ٹرسٹ کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینا اور ایسے طلبہ و طالبات کی معاونت کرنا ہے جو میرٹ پر جامعہ میں داخل تو ہو جاتے ہیں مگر مالی مشکلات کے باعث اپنی فیسوں اور دیگر تعلیمی اخراجات کی ادائیگی کے قابل نہیں ہوتے۔ معاہدے کے مطابق احسان ٹرسٹ جامعہ کراچی کے منتخب طلبہ کو ان کی فیس اور دیگر واجبات کی ادائیگی کے لیے 70 فیصد تک قرضِ حسنہ فراہم کرے گا، جس میں طلبہ کی ضرورت کے مطابق 80 فیصد تک اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ احسان ٹرسٹ کے جنرل منیجر فیاض الرحمن خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ احسان ٹرسٹ جلد ایک خصوصی سیمینار منعقد کرے گا تاکہ طلبہ کو اس منصوبے کے حوالے سے مکمل آگاہی فراہم کی جا سکے اور زیادہ سے زیادہ طلبہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے بتایا کہ احسان ٹرسٹ نے جامعہ کراچی کے ساتھ اپنا تعاون 2011-2012 میں شروع کیا تھا اور اب تک 430 سے زائد طلبہ اس اسکیم سے مستفید ہو چکے ہیں، جس کی مجموعی مالیت تقریباً چار کروڑ دس لاکھ روپے ہے۔ توقع ہے کہ 31 دسمبر 2025ء تک مزید 30 سے زائد طلبہ اس اسکیم میں شامل ہو جائیں گے اور یہ رقم چار کروڑ ستر لاکھ روپے سے تجاوز کر جائے گی۔ میزان بینک لمیٹڈ کے شریعہ آڈٹ کے ایگزیکٹو نائب صدر فرحان الحق عثمانی نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی مالی وسائل کے بہتر انتظام کے طریقے سیکھیں اور مالیاتی شعور میں اضافہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے طلبہ میں مالیاتی اور بینکاری سہولتوں کے استعمال سے متعلق آگاہی بہت محدود ہے۔ اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے طلبہ کے لئے سہولتیں فراہم کرنے میں احسان ٹرسٹ کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات مستقبل میں مزید طلبہ کو اپنی تعلیم جاری رکھنے کے لیے حوصلہ دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اسکالرشپس کے علاوہ اس نوعیت کے پروگرام طلبہ کو اپنی تعلیمی ضروریات پوری کرنے میں مدد دیتے ہیں اور ان میں ذمہ داری کا احساس پیدا کرتے ہیں تاکہ وہ رقم بروقت واپس لوٹا سکیں۔ تقریب میں جامعہ کراچی کے روئسائے کلیہ جات، انچارج اسٹوڈنٹس فنانشل ایڈآفس، ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی، مختلف شعبہ جات کے اساتذہ اور احسان ٹرسٹ کی ٹیم بھی موجود تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں