36

*جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے 55 طلباوطالبات میں اسکالرشپس کے چیکس تقسیم*

*جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے 55 طلباوطالبات میں اسکالرشپس کے چیکس تقسیم*

*تعلیمی اخراجات برداشت نہ کرسکنے والے طلبہ کے لیے اسکالرشپ کسی نعمت سے کم نہیں۔ وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد محمود عراقی*

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا ہے کہ مالی مشکلات کے باعث تعلیمی اخراجات برداشت نہ کرسکنے والے طلبہ کے لیے اسکالرشپ کسی نعمت سے کم نہیں۔ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال اور مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی نے والدین کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، اور اب اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلانا ان کے لیے ایک خواب بنتا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے 20 مختلف شعبہ جات کے 45 اورکراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کے 10 طلبہ و طالبات میں 25 لاکھ روپے کے اسکالرشپس کے چیکس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول میں کیا گیا تھا۔ وائس چانسلر نے کراچی یونیورسٹی ہیوسٹن المنائی ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے فراہم کی جانے والی اسکالرشپس قابلِ تحسین ہیں اور پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے ایک مثبت سرمایہ کاری کی حیثیت رکھتی ہیں۔ ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ”آج آپ کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا ذریعہ کوئی اور بنا ہے، امید ہے کہ کل آپ کسی اور کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا ذریعہ بنیں گے۔” اس موقع پر یونیورسٹی آف کراچی المنائی ہیوسٹن ایسوسی ایشن (UKAHA) نے جامعہ کراچی کے طلبہ کے لیے ایک کروڑ روپے مالیت کی اسکالرشپ دینے کا اعلان کردیا ہے۔ یہ اسکالرشپ جامعہ کراچی بزنس اسکول (KUBS) کے 10 مستحق طلبہ کو چار سالہ بی بی اے ڈگری پروگرام کے دوران معاونت فراہم کرے گی۔ یوکے اے ایچ اے کے نمائندے فیروز اقبال کے مطابق اسکالرشپ کا مقصد مستحق مگر ہونہار طلبہ کو تعلیم کے تسلسل کے لئے مالی مدد فراہم کرنا ہے، جبکہ اسکالرشپ کی پہلی قسط اسی تقریب کے دوران تقسیم کی جائے گی۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز جامعہ کراچی، پروفیسر ڈاکٹر زعیمہ اسرار محی الدین نے کہا کہ کئی طلبہ تعلیم جاری رکھنے کے خواہش مند ہیں مگر مالی مسائل ان کے راستے میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ ایسے میں اسکالرشپ ان کے خوابوں کی تعبیر ہے۔ انچارج فنانشل ایڈ آفس جامعہ کراچی، پروفیسر ڈاکٹر ذی اسما حنیف خان نے بتایا کہ یوکے اے ایچ اے اسکالرشپ کے لیے کل 300 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے جانچ پڑتال کے بعد 55 طلبہ کو اسکالرشپ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ اقدام جامعہ کراچی کے ان طلبہ کے لیے امید کی نئی کرن ہے جو مالی مشکلات کے باوجود اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں