مظفرآباد میں پیدل چلنے والوں کے لیے سفر اب بھی مشکل ۔ تحریر ۔۔۔۔ ضرار جگوال
مظفرآباد میں پیدل چلنے والوں کے لیے سفر اب بھی مشکل ۔
تحریر ۔۔۔۔ ضرار جگوال
مظفرآباد، پہاڑوں کے دامن میں بسنے والا وہ حسین شہر جو نیلم اور جہلم کے سنگم پر اپنی خوبصورتی، قدرتی کشش اور تاریخی اہمیت کے سبب ہمیشہ سب کی توجہ کا مرکز رہا ہے۔ یہ شہر محض آزاد کشمیر کا دارالحکومت نہیں بلکہ ایک علامت ہے عزم، قربانی اور استقامت کی مگر افسوس کہ جس شہر نے زمانے کے طوفانوں کا سامنا کیا، آج وہ ٹریفک، بے ترتیبی اور عوامی سہولتوں کی کمی کا شکار ہے۔ آج کا مظفرآباد ایک خوبصورت مگر تھکا ہوا شہر ہے۔ اس کے بازار، چوک، اسپتال اور گزر گاہیں روزانہ ہزاروں انسانوں کی گزرگاہ بنتی ہیں، مگر ان راستوں پر نہ نظم و ضبط باقی رہا ہے، نہ سکون شہر کی سب سے زیادہ مصروف سڑکیں گیلانی چوک تا مدینہ مارکیٹ اور سی ایم ایچ تا عثمان پلازہ عوامی زندگی کی شہ رگ کی حیثیت رکھتی ہیں۔ یہ وہ راستے ہیں جہاں سے روزانہ تقریباً ایک ہزار سے زائد لوگ گزرتے ہیں ان میں بچے، خواتین، بزرگ، مریض، تاجر، طلباء، سرکاری ملازمین، اور محنت کش سب شامل ہیں۔ یہ راستے مظفرآباد کی دھڑکن ہیں لیکن آج یہی دھڑکن ٹریفک کے دباؤ میں رک رک کر چل رہی ہے۔ اگر آپ کسی دن صبح یا شام کے اوقات میں گیلانی چوک سے مدینہ مارکیٹ یا سی ایم ایچ سے عثمان پلازہ تک کا سفر کریں تو آپ کو اندازہ ہو گا کہ مظفرآباد کے شہری روزانہ کن اذیت ناک حالات سے گزرتے ہیں اللہ نہ کرے آپ بھی میری طرح ہارٹ کے مریض ہوں اور پھر دس منٹ کا فاصلہ اکثر تیس سے چالیس منٹ میں طے ہوتا ہے۔ گاڑیوں کی قطاریں، موٹر سائیکلوں کا شور، رکشوں کی بے ترتیبی، پیدل چلنے والوں کے لیے کوئی محفوظ راستہ نہیں یہ سب مل کر شہر کے حسن کو ایک بدنما منظر میں بدل دیتے ہیں۔ ایسے میں مریض اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی بے ہوش ہو جاتے ہیں، بچے اسکول تاخیر سے پہنچتے ہیں، ملازمین دفتر وقت پر نہیں پہنچ پاتے، اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں۔ یوں لگتا ہے جیسے یہ شہر سانس لینا بھول گیا ہو۔ چند سال قبل حکومت نے چھتر AG آفس تا PID آفس کے درمیان ایک فلائی اوور تعمیر کیا۔ ارادہ نیک تھا پیدل چلنے والوں کو روڈ کراس کرنے کا ۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ اس فلائی اوور پر روزانہ دس سے بیس لوگ بھی بمشکل گزرتے ہیں۔ یعنی ایک ایسا منصوبہ جس پر لاکھوں روپے لگے، مگر اس کا کوئی حقیقی فائدہ عوام کو نہیں پہنچا۔ دوسری طرف، وہ علاقے جہاں روزانہ ہزاروں لوگ گزر رہے ہیں گیلانی چوک تا مدینہ مارکیٹ، اور سی ایم ایچ تا عثمان پلازہ آج بھی بغیر کسی متبادل راستے، بغیر کسی فلائی اوور، اور بغیر کسی جامع منصوبہ بندی کے عوام کے لیے عذاب بنے ہوئے ہیں۔ یہ صورتحال صرف انتظامی غفلت نہیں بلکہ ترجیحات کی غلط ترتیب کی عکاس ہے۔ فلائی اوور وہاں بنتے ہیں جہاں رش ہو، جہاں عوام کی سہولت ضروری ہو نہ کہ وہاں جہاں صرف نمائشی ضرورتیں پوری کرنی ہوں ریاست کا پہلا فرض اپنے شہریوں کو سہولت دینا ہے۔ یہ صرف سڑک بنانے یا منصوبے شروع کرنے کا نام نہیں، بلکہ عوامی ضرورت کو سمجھنے کا امتحان ہے۔ مظفرآباد کے یہ دونوں راستے ایسے ہیں جنہیں اگر بہتر کر دیا جائے، تو شہر کی پچاس فیصد ٹریفک خود بخود منظم ہو جائے گی اب آپکا سوال ہو گا وہ کیسے ایسے جب پیدل روڈ کراس کرنے والوں کو پل کی سہولت ہو گی تو جو بائیک اور رکشہ والے سواریاں اٹھاتے بٹھاتے ہیں ان کی وجہ سے ٹریفک جام ہونا 50% کم ہو جاے گی فلائی اوور ان راستوں پر تعمیر کر کے شہری زندگی میں آسانی، سکون اور ترتیب لائی جا سکتی ہے۔ یہ فلائی اوور بزرگوں کے لیے آرام، مریضوں کے لیے وقت، طلباء کے لیے تحفظ، اور خواتین کے لیے عزت کا ذریعہ ہوں گے۔ گیلانی چوک سے مدینہ مارکیٹ روڈ کراس کرنے والا شخص جانتا ہے کہ یہاں پیدل چلنا ایک جنگ ہے۔ چھوٹی سڑکوں کے دونوں جانب دکانداروں کی تجاوزات، موٹر سائیکلوں کی قطاریں، پارکنگ کی بے ترتیبی، اور ٹریفک اہلکاروں کی کمی نے اس راستے کو ایک دباؤ کے مرکز میں بدل دیا ہے۔ اسی طرح، سی ایم ایچ تا عثمان پلازہ جو اسپتال، تعلیمی ادارے، اور تجارتی مراکز کا سنگم ہے ایک ہجوم زدہ راستہ ہے جہاں روزانہ درجنوں ایمبولینسیں پھنس جاتی ہیں۔ ایک ایسا شہر جو آزاد کشمیر کا دارالحکومت کہلاتا ہے، وہاں اگر ایک مریض ایمبولینس میں ٹریفک جام کی وجہ سے جان سے چلا جائے تو یہ صرف حادثہ نہیں، یہ انتظامی ناکامی ہے۔ دنیا بھر میں شہری رش والے علاقوں کا بنیادی حل فلائی اوورز کے ذریعے نکالا گیا۔ کیونکہ جہاں زمینی سطح محدود ہو، وہاں عمودی تعمیر ہی بہترین راستہ ہے۔مظفرآباد میں جگہ کم ہے، آبادی بڑھ رہی ہے، گاڑیاں ہزاروں کی تعداد میں سڑکوں پر ہیں اسی تعداد میں آبادی کا بھی ہجوم ہے ۔ گیلانی چوک تا مدینہ مارکیٹ فلائی اوور اور سی ایم ایچ تا عثمان پلازہ فلائی اوور اگر تعمیر ہو جائیں، تو ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی، پیدل چلنے والے محفوظ ہوں گے، ایندھن کی بچت ہو گی، اور وقت کی قیمتی بچت سے شہری زندگی بہتر ہو گی۔ شہری زندگی کے سب سے کمزور طبقات ہمیشہ سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں مظفرآباد کے ان دو راستوں پر روزانہ سینکڑوں خواتین خریداری کے لیے آتی ہیں۔ انہیں نہ صرف رش کا سامنا ہوتا ہے بلکہ تیز رفتاری اور بے ہنگم پارکنگ کی وجہ سے خطرہ بھی لاحق رہتا ہے۔ بزرگ شہری جنہیں اسپتال یا مسجد جانا ہو، وہ اکثر رکشوں اور موٹر سائیکلوں کے دھوئیں اور شور سے پریشان رہتے ہیں۔ یہ مناظر روز کا معمول بن چکے ہیں، مگر کسی نے ان کی طرف سنجیدگی سے توجہ نہیں دی۔ فلائی اوور ان سب کے لیے ایک تحفظ اور سکون کی علامت بن سکتا ہے۔ یہ وہ منصوبہ ہے جو انسانی ہمدردی اور شہری ضرورت دونوں کو یکجا کرتا ہے۔ مظفرآباد کا اقتصادی ڈھانچہ زیادہ تر تجارت، سرکاری ملازمتوں، تعلیم، اور سیاحت پر مشتمل ہے۔ مدینہ مارکیٹ، قریبی چوک، اور سی ایم ایچ تا عثمان پلازہ کا علاقہ ان سب سرگرمیوں کا مرکز ہے۔ یہاں روزانہ ہزاروں گاڑیاں، رکشے، ٹیکسی اور پیدل خریدار آتے ہیں۔ جب شہر کا ٹریفک جام میں پھنسا رہتا ہے تو گاہک کم ہو جاتے ہیں، دکانوں پر آمدورفت گھٹ جاتی ہے، اور روزانہ کی آمدنی میں نمایاں کمی آتی ہے۔ ایک سادہ مثال سے سمجھیں اگر ایک دکان دار روزانہ دو گھنٹے ٹریفک اور ہجوم کی وجہ سے اپنا کاروبار مؤثر انداز میں نہیں کر پاتا، تو وہ ماہانہ درجنوں گاہک اور ہزاروں روپے کھو دیتا ہے۔ فلائی اوورز کی تعمیر سے ان علاقوں کی آمدورفت میں روانی پیدا ہو گی، پارکنگ کا بوجھ کم ہو گا، فلائی اوور کا سب سے بڑا فائدہ انسانی زندگی سے جڑا ہے۔ سی ایم ایچ مظفرآباد میں روزانہ درجنوں مریض لائے جاتے ہیں۔یہ اسپتال صرف شہر نہیں بلکہ پورے آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں کے مریضوں کا مرکز ہے۔ مگر اکثر ایمبولینسیں عثمان پلازہ کے گردونواح میں ٹریفک کے باعث لمبے جام میں پھنسی رہتی ہیں یہ الگ بات ہے ہمارے ڈاکٹر مریض کے منتظر نہیں ہوتے لیکن مریض بے حال، اور گاڑی جام میں قید ہوتا ہے یہ صرف ایک انتظامی مسئلہ نہیں بلکہ زندگی اور موت کا فرق ہے۔ فلائی اوور اگر کسی ماں کے بچے کو وقت پر اسپتال پہنچا دے، اگر کسی بزرگ کو ایمرجنسی میں بروقت علاج مل جائے تو یقین جانیے، یہی ترقی ہے۔ شہری منصوبے ہمیشہ کمزور طبقات کے گرد گھومنے چاہییں۔ مظفرآباد کی گلیوں میں خواتین کو سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔ بازاروں کے قریب نہ کوئی پیدل پل ہے، نہ سایہ دار راستے ہیں ۔فلائی اوورز کی تعمیر کے ساتھ اگر حکومت پیدل راستے، شیڈز، روشنی، اور حفاظتی باڑیں بنا دے تو خواتین اور بزرگ شہری بلا خوف و خطر سفر کر سکیں گے۔