سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی مسندھ بار کونسل کے انتخابات آج، سکھر ڈویژن کی عدالتوں میں عام تعطیل
سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی
مسندھ بار کونسل کے انتخابات آج، سکھر ڈویژن کی عدالتوں میں عام تعطیل
ڈویژن کی 6 نشستوں پر 18 سے زائد امیدواروں میں سخت مقابلہ، 5 ہزار سے زائد وکلا ووٹ کاسٹ کریں گے
سکھر (بیورورپورٹ)سندھ بار کونسل کے انتخابات آج سکھر ڈویژن سمیت صوبے بھر میں منعقد ہو رہے ہیں، جس کے پیش نظر سکھر ڈویژن کی تمام عدالتوں میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ سکھر ڈویژن کی 6 نشستوں پر 18 سے زائد امیدوار میدان میں ہیں جبکہ 5 ہزار سے زائد وکلا اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل صبح 9 بجے شروع ہوگا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ انتخابی عمل کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے پریزائیڈنگ آفیسرز کے طور پر ڈسٹرکٹ و سیشن ججز اور دیگر عدالتی افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔سکھر کی دو نشستوں پر کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے، جہاں پروگریسو پینل کے قربان ملانوں اور شفقت رحیم کا مقابلہ نیشنل لائرز پینل کے شمس کوبر اور شاہد میمن سے ہوگا۔ آزاد امیدوار جمال ناصر بلوچ اور راشد درانی بھی ان نشستوں پر اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔خیرپور کی نشست پر پروگریسو پینل کے یاسر عرفان شر اور نیشنل لائرز پینل کے سید جعفر شاہ کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔نوابشاہ کی نشست پر صوبائی وزیر داخلہ اور پروگریسو پینل کے امیدوار ضیاء الحسن لنجار اور نیشنل لائرز پینل کے کے بی رند کے درمیان دو بدو مقابلہ ہوگا۔نوشہرو فیروز کی نشست پر پروگریسو پینل کے عبد الستار لہراںی اور نیشنل لائرز پینل کے نثار ملاح کے درمیان مقابلہ جاری ہے، جبکہ گھوٹکی کی نشست پر پروگریسو پینل کے رازق مہر اور نیشنل لائرز پینل کے شاہد راجپوت کے درمیان سخت انتخابی جدوجہد دیکھنے میں آرہی ہے۔وکلا حلقوں کے مطابق سندھ بار کونسل کے یہ انتخابات صوبے کی وکلا سیاست میں نئی سمت متعین کریں گے، جبکہ مختلف بارز میں پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔